پنجاب سیلاب صورتحال: متاثرین کو ہر ممکن ریلیف دیا جائے گا، مریم نواز

پنجاب سیلاب صورتحال: متاثرین کو ہر ممکن ریلیف دیا جائے گا، مریم نواز

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے میں حالیہ بارشوں اور دریاؤں میں پانی کی سطح بڑھنے سے پیدا ہونے والی سیلابی صورت حال کے پیشِ نظر عوام سے محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی اپیل کی ہے۔

وزیراعلیٰ نے اپنے پیغام میں کہا کہ سیلاب کے خطرات کی زد میں آنے والے علاقوں کے رہائشی کسی بھی تاخیر کے بغیر ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو اداروں کے ساتھ تعاون کریں تاکہ انسانی جانوں کو نقصان سے بچایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی اولین ترجیح شہریوں کی زندگیاں محفوظ بنانا ہے، اس مقصد کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں۔مریم نواز نے یقین دہانی کرائی کہ گھروں، فصلوں اور مال مویشیوں کو پہنچنے والے نقصانات کا شفاف تخمینہ لگایا جا رہا ہے اور متاثرہ افراد کو ان کا حق بلا امتیاز پہنچایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت متاثرین کے ساتھ کھڑی ہے اور تمام نقصانات کے ازالے کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔وزیراعلیٰ نے شہریوں سے پرزور اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی اور اپنے اہل خانہ کی زندگیوں کو ترجیح دیں اور محفوظ مقامات کی جانب منتقل ہو کر انتظامیہ کے ساتھ بھرپور تعاون کریں۔