پنجاب میں سیلاب: 118 ہلاکتیں، 47 لاکھ سے زائد متاثرین، ریلیف اور ریسکیو کارروائیاں جاری

پنجاب میں سیلاب: 118 ہلاکتیں، 47 لاکھ سے زائد متاثرین، ریلیف اور ریسکیو کارروائیاں جاری

پنجاب میں حالیہ شدید بارشوں اور سیلاب کے باعث اموات کی تعداد 118 تک پہنچ گئی جبکہ متاثرین کی تعداد 47 لاکھ 23 ہزار ہو چکی ہے۔

پی ڈی ایم اے پنجاب نے دریائے راوی، ستلج اور چناب میں سیلاب کے باعث ہونے والے نقصانات کی تفصیلی رپورٹ جاری کی ہے۔ رپورٹ کے مطابق شدید سیلابی صورتحال کے باعث 4,700 سے زائد موضع جات متاثر ہوئے ہیں۔ریلیف کمشنر پنجاب نبیل جاوید نے بتایا کہ سیلاب میں پھنس جانے والے 26 لاکھ 11 ہزار افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے۔ متاثرہ اضلاع میں 337 ریلیف کیمپس اور 492 میڈیکل کیمپس قائم کیے گئے ہیں تاکہ متاثرین کو فوری امداد فراہم کی جا سکے۔مویشیوں کے علاج معالجے کے لیے 368 ویٹرنری کیمپس بنائے گئے ہیں، اور ریسکیو اور ریلیف کارروائیوں میں 20 لاکھ 89 ہزار جانوروں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے۔

ڈیموں کی موجودہ صورتحال بھی خطرے کی علامت ہے:

منگلا ڈیم: 95٪
تربیلا ڈیم: 100٪
انڈین بھاکڑا ڈیم: 88٪
پونگ ڈیم: 94٪
تھین ڈیم: 88٪
وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے مطابق، شہریوں کے نقصانات کے ازالے کے لیے سروے کا جلد آغاز کیا جائے گا، اور سروے مکمل ہونے پر شفاف اور آسان طریقہ کار کے ذریعے متاثرین کو امداد فراہم کی جائے گی۔ریلیف اور ریسکیو آپریشنز تیزی سے جاری ہیں تاکہ متاثرہ افراد اور جانوروں کو جلد سے جلد محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا سکے اور انہیں بنیادی ضروریات کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔