پنجاب میں سیلاب متاثرین کی بحالی کے لیے بڑا آپریشن شروع، وزیراعلیٰ مریم نواز کی نگرانی میں امدادی اقدامات

پنجاب میں سیلاب متاثرین کی بحالی کے لیے بڑا آپریشن شروع، وزیراعلیٰ مریم نواز کی نگرانی میں امدادی اقدامات

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیرصدارت پنجاب میں سیلاب متاثرین کے نقصان کے ازالے سے متعلق اجلاس ہوا، جس میں صوبے میں سیلاب متاثرین کی بحالی کے لیے آپریشن شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ڈسٹرکٹ اور تحصیل کی سطح پر فلڈ ریلیف کمیٹیاں قائم کی جائیں گی، اور سیلاب متاثرین کو امداد پہنچانے کے لیے آسان اور شفاف طریقہ کار وضع کیا جائے گا۔ اس مقصد کے لیے سروے فارم، موبائل ایپ اور مانیٹرنگ ڈیش بورڈ قائم کیا گیا ہے، جس کی خود وزیراعلیٰ مریم نواز نگرانی کریں گی۔انہوں نے سیلاب متاثرہ علاقوں میں سڑکوں، پلوں اور دیگر انفراسٹرکچر کی فوری بحالی کا بھی حکم دیا۔ محکمہ ریونیو کے مطابق پنجاب کے 27 اضلاع اور 64 تحصیلوں کی 3775 مواضع سیلاب سے متاثر ہوئی ہیں، جن میں 63,200 پکے اور 309,684 کچے مکانات متاثر ہوئے ہیں۔

سروے اور امدادی کام کے لیے ٹیم میں اربن یونٹ، ریونیو، زراعت اور آرمی کے نمائندے شامل ہوں گے۔ اجلاس میں وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ حکومت سیلاب متاثرین کی بھرپور امداد کے لیے یکسو ہے اور ہر فرد کے نقصان کا ازالہ یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ زیادہ سے زیادہ کیمپ اور امدادی پوائنٹس قائم کیے جائیں تاکہ کوئی بھی متاثرہ شخص ریلیف سے محروم نہ رہے۔