ویب ڈیسک: گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے ننکانہ صاحب سمیت پنجاب کے مختلف سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ کیا اور متاثرین میں راشن و کھانے پینے کی اشیاء تقسیم کیں۔
دورے کے دوران انہوں نے جہلم، چکوال، حافظ آباد، راوی اور ننکانہ صاحب کے سیلابی حالات کا جائزہ لیا۔ رپورٹس کے مطابق ہزاروں ایکڑ زرعی اراضی پانی میں ڈوب گئی ہے جبکہ قیمتی جانوں اور مویشیوں کا بھی نقصان ہوا ہے۔گورنر پنجاب نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ صدر مملکت آصف علی زرداری کو سیلابی صورتحال سے آگاہ کیا گیا ہے، جنہوں نے پیپلز پارٹی کے رہنماؤں کو متاثرہ علاقوں کے مزید دورے کرنے اور ہر ممکن امداد فراہم کرنے کی ہدایت دی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری بھی جلد ہی سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ کریں گے۔سردار سلیم حیدر خان نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ متاثرہ علاقوں کے کسانوں کو سہولت دینے کے لیے چھ ماہ کے بجلی کے بل اور زرعی ٹیکسز معاف کیے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں کو متحد ہو کر سیلاب متاثرین کے ساتھ کھڑا ہونا ہوگا، اور سیاسی بیان بازی کرنے والے دراصل متاثرہ عوام کے دشمن ہیں۔گورنر پنجاب نے یقین دلایا کہ جب تک متاثرین محفوظ طریقے سے اپنے گھروں کو واپس نہیں پہنچ جاتے، پیپلز پارٹی اور متعلقہ ادارے سکون سے نہیں بیٹھیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب کے تمام ادارے، ریسکیو ٹیمیں اور پاک فوج کے دستے سیلاب زدگان کی مدد میں مصروف ہیں تاکہ متاثرہ علاقوں میں ریسکیو اور ریلیف کی کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں۔