وزیراعظم شہباز شریف کا انٹرنیٹ اور ٹیلی کام نیٹ ورکس کی تنصیب پر رائٹ آف وے فیس ختم کرنے کا اعلان

وزیراعظم شہباز شریف کا انٹرنیٹ اور ٹیلی کام نیٹ ورکس کی تنصیب پر رائٹ آف وے فیس ختم کرنے کا اعلان

وزیراعظم شہباز شریف نے ملک بھر میں انٹرنیٹ اور ٹیلی کام نیٹ ورکس کی تنصیب پر عائد رائٹ آف وے فیس ختم کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

اس فیصلے کو ڈیجیٹل پاکستان کے وژن کی جانب ایک بڑا اور انقلابی قدم قرار دیا جا رہا ہے۔وزارتِ آئی ٹی کے نیشنل فائیبرائزیشن پلان کے تحت اس پالیسی پر عملدرآمد فوری طور پر شروع کر دیا گیا ہے اور قومی شاہراہ اتھارٹی (NHA)، پاکستان ریلوے اور کیپٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (CDA) نے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیے ہیں۔وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی شازہ فاطمہ خواجہ نے اس موقع پر کہا کہ اس اقدام سے سرمایہ کاروں اور ٹیلی کام کمپنیوں کے اخراجات نمایاں حد تک کم ہوں گے۔ انہوں نے بتایا کہ پہلے پاکستان میں سرکاری زمین پر 36 روپے فی میٹر اور پرائیویٹ ہاؤسنگ سوسائٹیز میں 200 سے 400 روپے فی میٹر تک وصول کیا جاتا تھا۔

شازہ فاطمہ خواجہ نے مزید کہا کہ "پڑوسی ملکوں میں یہ فیس صرف 1 روپے فی میٹر ہے، یہی وجہ تھی کہ پاکستان کاروباری مواقع کے لحاظ سے فرینڈلی کنٹری نہیں سمجھا جاتا تھا، لیکن اب اس فیصلے سے سرمایہ کاری کے مواقع بڑھیں گے۔"انہوں نے بتایا کہ اس منصوبے کے تحت نہ صرف بڑے شہروں بلکہ دیہی علاقوں میں بھی انٹرنیٹ تک رسائی بہتر ہو گی۔ اس سے طلبہ کو معیاری آن لائن تعلیم میسر آئے گی، ٹیکنالوجی انڈسٹری کو فروغ ملے گا، برآمدات میں اضافہ ہو گا اور دیگر غیر آئی ٹی بزنس بھی جدید انفراسٹرکچر سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔