وزیراعظم شہباز شریف اور کویت کے ولی عہد کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ، علاقائی صورتحال پر گفتگو

وزیراعظم شہباز شریف اور کویت کے ولی عہد کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ، علاقائی صورتحال پر گفتگو

وزیراعظم شہباز شریف اور کویت کے ولی عہد شیخ صباح الخالد الحمد الصباح کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا، جس میں مشرقِ وسطیٰ کی موجودہ صورتحال اور باہمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق کویت کے ولی عہد نے وزیراعظم شہباز شریف کو ٹیلی فون کیا، جس کے دوران دونوں رہنماؤں کے درمیان گرم جوش اور خوشگوار گفتگو ہوئی۔وزیراعظم نے اس موقع پر کویت پر ہونے والے حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے مشکل وقت میں کویتی عوام کے ساتھ پاکستان کی مکمل یکجہتی اور حمایت کا اظہار کیا۔ انہوں نے قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا بھی کی۔شہباز شریف نے کویتی قیادت کو مشرقِ وسطیٰ میں جاری کشیدگی کے خاتمے کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں سے بھی آگاہ کیا اور خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔

کویت کے ولی عہد نے وزیراعظم کی قیادت کو سراہتے ہوئے ایران اور امریکا کے درمیان ثالثی کے لیے پاکستان کی کوششوں کی حمایت کا اظہار کیا۔ انہوں نے موجودہ بحران میں کویت کے ساتھ پاکستان کی حمایت پر وزیراعظم کا شکریہ بھی ادا کیا۔ولی عہد نے کویتی قیادت کے نام وزیراعظم کے اظہارِ یکجہتی کے خط پر بھی تشکر کا اظہار کیا اور حالات بہتر ہوتے ہی پاکستان کا دورہ کرنے کی خواہش ظاہر کی۔وزیراعظم شہباز شریف نے ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے یقین دلایا کہ پاکستان خطے میں امن، استحکام اور سفارتی تعاون کے فروغ کے لیے اپنا مثبت کردار جاری رکھے گا۔