وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے ملائیشین ہم منصب داتو سری انور ابراہیم سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا اور حالیہ سمندری طوفان، شدید بارشیں، سیلاب اور زمین کھسکنے کے واقعات کے نتیجے میں ہونے والے جانی و مالی نقصان پر ملائیشین عوام اور حکومت سے دلی تعزیت کا اظہار کیا۔
وزیراعظم نے گفتگو کے دوران ملائیشیا میں جاں بحق افراد کے لیے تعزیت اور زخمیوں اور بے گھر ہونے والے شہریوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعائیہ جذبات کا بھی اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اس مشکل گھڑی میں ملائیشین عوام کے ساتھ مکمل ہمدردی کا مظاہرہ کرتا ہے اور امدادی و ریسکیو آپریشنز میں ہر ممکن مدد فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔مزید برآں، وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ملائیشین حکومت کو پاکستان کی جانب سے امدادی کارروائیوں میں ہر قسم کی معاونت فراہم کی جائے گی۔ملائیشین وزیراعظم انور ابراہیم نے اس موقع پر وزیراعظم پاکستان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پاکستان کی ہمدردی اور تعاون دو طرفہ برادرانہ تعلقات کا مظہر ہے۔