پاکستان اور افغانستان کے درمیان سیریز کا پہلا میچ آج شارجہ میں کھیلا جائے گا

پاکستان اور افغانستان کے درمیان سیریز کا پہلا میچ آج شارجہ میں کھیلا جائے گا

شارجہ: پاکستان اور افغانستان کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان سیریز کا پہلا میچ آج شارجہ میں مقامی وقت کے مطابق شام 7 بجے کھیلا جائے گا۔

اس اہم میچ کے لیے دونوں ٹیمیں بھرپور تیاری کے ساتھ میدان میں اتریں گی۔

ٹرافی کی رونمائی
سیریز کی ٹرافی کی رونمائی ایک خصوصی تقریب میں کی گئی جس میں تینوں ٹیموں کے کپتان شریک ہوئے۔ قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سلمان آغا، افغانستان کے کپتان راشد خان اور میزبان یو اے ای کے کپتان محمد وسیم نے ٹرافی کے ساتھ فوٹو شوٹ کروایا۔ اس موقع پر کرکٹ شائقین میں خاصا جوش و خروش دیکھنے کو ملا۔

قومی کپتان سلمان آغا کی پریس کانفرنس
میچ سے قبل پریس کانفرنس کرتے ہوئے قومی ٹیم کے کپتان سلمان آغا کا کہنا تھا کہ ٹیم کی تیاری بہترین ہے اور کھلاڑی پرعزم ہیں کہ وہ شارجہ کی کنڈیشنز میں اچھا کھیل پیش کریں گے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سابق کھلاڑیوں کی آراء اپنی جگہ لیکن اس سے موجودہ ٹیم یا ان کے حوصلے پر کوئی فرق نہیں پڑتا۔ان کا مزید کہنا تھا کہ ٹیم کا فوکس صرف کارکردگی پر ہے اور کھلاڑی اپنے کھیل کے ذریعے جواب دینے کے لیے پرعزم ہیں۔

میچ کی اہمیت
پاکستان اور افغانستان کے درمیان ہونے والی یہ سیریز شائقین کرکٹ کے لیے نہایت دلچسپ ثابت ہونے کی توقع ہے، کیونکہ دونوں ٹیموں میں نوجوان اور تجربہ کار کھلاڑی موجود ہیں جو ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں کسی بھی وقت میچ کا رخ بدلنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔