پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ٹی ٹوئنٹی سیریز کا پہلا میچ آج قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا، جہاں کرکٹ شائقین کو ایک دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلے کی توقع ہے۔
میچ کی پہلی گیند شام 4 بجے کرائی جائے گی جبکہ ٹاس 3 بج کر 30 منٹ پر ہوگا۔آسٹریلوی ٹیم کے کئی کھلاڑی پہلی بار پاکستان پہنچے ہیں، جن میں جیک ایڈورڈز، جوش فلپ، مہلی بیئرڈمین، میتھیو کونا مین اور زیویئر بارٹلیٹ شامل ہیں۔ مہلی بیئرڈمین اور جیک ایڈورڈز تاحال انٹرنیشنل کرکٹ میں ڈیبیو نہیں کر سکے، تاہم اس سیریز کے دوران ان کے ڈیبیو کا قوی امکان ہے۔دوسری جانب پاکستان کے 16 رکنی اسکواڈ نے 25 جنوری سے ٹریننگ کیمپ جوائن کر رکھا ہے اور سیریز سے قبل قومی ٹیم نے بھرپور پریکٹس سیشنز کیے ہیں۔ شائقین کرکٹ کے لیے خوشخبری یہ ہے کہ بابر اعظم اور شاہین شاہ آفریدی بھی آج قذافی اسٹیڈیم میں ایکشن میں نظر آئیں گے۔اعداد و شمار کے مطابق پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان اب تک 28 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کھیلے جا چکے ہیں، جن میں پاکستان نے 12 جبکہ آسٹریلیا نے 14 میچز جیتے ہیں۔ قذافی اسٹیڈیم میں آسٹریلیا ایک ٹی ٹوئنٹی میچ جیت چکا ہے۔
دونوں ٹیمیں اب تک 9 دوطرفہ ٹی ٹوئنٹی سیریز کھیل چکی ہیں۔ پاکستان نے 2009، 2010، 2012 اور 2018 میں سیریز اپنے نام کی، جبکہ آسٹریلیا 5 مرتبہ سیریز جیتنے میں کامیاب رہا ہے۔ادھر پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ٹی ٹوئنٹی سیریز کے دوران لاہور پولیس کی جانب سے فول پروف سکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں۔ سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ کے مطابق شہر بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ رہے گی اور ملکی و غیر ملکی کھلاڑیوں سمیت شائقین کو مکمل تحفظ فراہم کیا جائے گا۔سکیورٹی پلان کے تحت 9 ایس پیز، 25 ڈی ایس پیز اور 73 ایس ایچ اوز تعینات کیے جائیں گے۔ اس کے علاوہ 351 اپر سب آرڈینیٹس، 188 لیڈی کانسٹیبلان سمیت 6 ہزار سے زائد پولیس افسران اور جوان ڈیوٹی سر انجام دیں گے، جبکہ ایک ہزار سے زائد وارڈنز بھی سکیورٹی فرائض انجام دیں گے۔
سی سی پی او لاہور کا کہنا ہے کہ لاہور میں ٹی ٹوئنٹی سیریز کے تین میچز کھیلے جائیں گے، جن کے لیے اسٹیڈیم، کھلاڑیوں کی رہائش گاہوں اور آمد و رفت کے روٹس پر سکیورٹی ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ اسٹیڈیم میں داخلے سے قبل ہر فرد کی مکمل تلاشی لی جائے، جبکہ خواتین شائقین کی چیکنگ لیڈیز پولیس انجام دے گی۔بلال صدیق کمیانہ نے مزید بتایا کہ میچز کے دوران ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں، جبکہ ڈولفن فورس، پیرو اور ایلیٹ فورس کی ٹیمیں مؤثر پٹرولنگ یقینی بنائیں گی۔ سینئر پولیس افسران فیلڈ میں موجود رہیں گے اور سکیورٹی صورتحال پر مسلسل نظر رکھیں گے۔