ایل ڈی اے نے ایک طرف سے بائیک لاون ختم کر کے اسے مین فیروزپور روڈ سے ملا دیا‘باقی ڈیوائیڈر بھی ہٹا دیئے جائیں گے
لاہور(آن لائن)ایل ڈی اے نے لاہور شہر میں پہلی بار آزمائشی طور پر شروع کیا گیا بائیک لین منصوبہ واپس لینے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ کلمہ چوک سے لاہور برج تک دونوں اطراف تجرباتی بنیادوں پر بائیکر لین بنائی گئی تھی۔ذرائع کے مطابق کلمہ چوک سے لاہور برج تک بائیکر لین کے لیے کرب اسٹونز سے بنائی گئی مخصوص ڈیوائیڈر کو ختم کردیا گیا ہے، جبکہ آئندہ ہفتے لاہور برج سے کلمہ چوک تک بھی یہ ڈیوائیڈر ہٹا دی جائے گی۔ گزشتہ رات ایل ڈی اے نے ایک طرف سے بائیک لین ختم کر کے اسے مین فیروزپور روڈ سے ملا دیا۔حکام کا کہنا ہے ڈیوائیڈر ہٹانے کے بعد بائیک لین کا پینٹ اور نشانات تو باقی رہیں گے تاہم منصوبہ مکمل طور پر ناکام ہوگیا ہے۔ جب اس پر ٹریفک چلائی گئی تو ٹریفک فلو بری طرح متاثر ہوا اور نظام درست انداز میں چل نہ سکا۔