ماسٹر پلان میں تاخیر لاگت میں کروڑوں کا اضافہ

 ادائیگیوں ، ڈیڈ لائنز میں توسیع ،ایل ڈی اے ابتک 31 کروڑ ادا کر چکا 
لاہور (خصوصی رپورٹ)لاہور کا ماسٹر پلان 2050منصوبہ تاخیر کا شکار، کنسلٹنسی لاگت میں کروڑوں روپے کا اضافہ ، کنسلٹنسی معاہدہ 2021 میں طے پایا مگر ادائیگیوں اور ڈیڈ لائنز میں مسلسل توسیع ہوتی رہی،ایل ڈی اے ابتک 31 کروڑ سے زائد ادا کر چکا جبکہ 55 کروڑ سے زائد واجب الادا ہے۔ ویری ایشنز اور نئی ڈیڈ لائنز کے بعد اب منصوبہ 2026 میں مکمل ہوگا۔دستاویزات کے مطابق لاہور کے مستقبل کی منصوبہ بندی کا اہم منصوبہ ماسٹر پلان 2050مسلسل تاخیر کا شکار ہے۔فروری 2021 میں کنسلٹنسی کا معاہدہ 51 کروڑ 85 لاکھ 20 ہزار میں طے پایا جسکے تحت شہر کے انفراسٹرکچر، اربن پلاننگ اور ترقیاتی حکمت عملی تیار کی جانی تھی۔منصوبے پر ابتک 31 کروڑ 11 لاکھ 12 ہزار خرچ ہوچکے ہیں جبکہ اصل معاہدے کے تحت 20 کروڑ 74 لاکھ 8 ہزار کی رقم تاحال باقی ہے، منصوبے میں تاخیر سے تمام ویری ایشنز اور ایڈجسٹمنٹس کے بعد کنسلٹنسی کی مجموعی لاگت بڑھ کر 86 کروڑ 23 لاکھ سے تجاوز کر گئی اور مجموعی بقایا واجبات 55 کروڑ 15 لاکھ 60 ہزار تک پہنچ چکے ہیں جو چند ماہ میں ادا کیے جائینگے۔