ڈیجیٹل معیشت، جدید ٹیکنالوجی اور مواصلاتی ڈھانچے کے شعبوں میں شراکت داری کومضبوط بنایا جائے گا:وفاقی وزیر آئی ٹی و ٹیلی کام
اسلام آباد ( آن لائن) وفاقی وزیر آئی ٹی و ٹیلی کام شزا فاطمہ خواجہ نے پاک–چین ڈیجیٹل سلک روڈ کو سی پیک کے اگلے اہم مرحلے کے طور پر اجاگر کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان خطے کا محفوظ اور کم لاگت ڈیجیٹل گیٹ وے بننے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔ وفاقی وزیر نے ورلڈ ٹیلی کمیونی کیشن ڈویلپمنٹ کانفرنس کے موقع پر چین کی وزارتِ صنعت و انفارمیشن ٹیکنالوجی کے نائب وزیر ڑانگ یون منگ سے اہم ملاقات کی، جس میں پاکستان اور چین کے درمیان ڈیجیٹل تعاون کے نئے دور کے آغاز پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں دونوں ممالک نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ڈیجیٹل معیشت، جدید ٹیکنالوجی اور مواصلاتی ڈھانچے کے شعبوں میں شراکت داری کو مزید مضبوط بنایا جائے گا۔ملاقات کے دوران شزا فاطمہ خواجہ نے پاک–چین ڈیجیٹل سلک روڈ کو سی پیک کے اگلے اہم مرحلے کے طور پر اجاگر کیا اور کہا کہ پاکستان خطے کا محفوظ اور کم لاگت ڈیجیٹل گیٹ وے بننے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔ انہوں نے 5G اور 6G ٹیکنالوجیز، ہارڈویئر مینوفیکچرنگ اور آئی سی ٹی کمپوننٹس کے شعبوں میں مشترکہ منصوبوں کی تجویز پیش کی۔وفاقی وزیر آئی ٹی نے اس بات پر زور دیا کہ عالمی سطح پر ٹیک سورسنگ میں موجود Systemic Diversity Barrier کے خاتمے کے لیے پاک–چین مشترکہ اقدام ناگزیر ہے، تاکہ ترقی پذیر ممالک بھی جدید ٹیکنالوجی کی دوڑ میں مؤثر کردار ادا کر سکیں