جہاں ضروری ہوا ڈیم بنائیں گے، نقصانات کا 100 فیصد ازالہ کیا جائیگا علی امین گنڈاپور

خیبرپختونخوا کے ساتھ زیادتی ہورہی ہے، نہروں کیلئے وفاق سے فنڈ نہیں مل رہے، تعلیمی نظام کو بہتر کرنے پر کام کررہے ہیں
 سیلاب آنے پر انتظامیہ تیار تھی، ڈیم بنانے سے پانی کی شکل میں آنے والے عذاب رحمت بن جائیں گے: تقریب سے خطاب
پشاور(آئی این پی)وزیراعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے  ہمیں ڈیم بنانے چاہئیں، تاکہ پانی کی شکل میں آنے والے عذاب رحمت بن جائیں، جہاں ضروری ہوا ڈیم بنائیں گے، خیبر میڈیکل کالج کو یونیورسٹی کا درجہ دینے کا اعلان بھی کردیا۔پشاور کے خیبرمیڈیکل کالج میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ریلہ آنے پر انتظامیہ تیار تھی، ہمیں ڈیم بنانے چاہئیں، تاکہ پانی کی شکل میں آنے والے عذاب رحمت بن جائیں، جہاں ضروری ہوا ڈیم بنائیں گے۔علی امین گنڈاپور نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے ساتھ زیادتی ہورہی ہے، نہروں کے لیے وفاق سے فنڈنگ نہیں مل رہے۔وزیراعلی خیبرپختونخوا نے کہا کہ ہم تعلیمی نظام کو بہتر کرنے پر کام کررہے ہیں، انہوں نے اساتذہ سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ میڈیکل کے طلبہ کے ذہنوں میں یہ بات ڈالیں کہ وہ دور دراز علاقوں میں بھی جایا کریں، تاکہ ان میں دورافتادہ علاقوں میں جاکر خدمات پیش کرنے کا جذبہ پیدا ہوگا۔انہوںنے کہا  خیبرپختونخوا میں سیلاب متاثرین کی مکمل بحالی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے، متاثرین   کیلئے   معاوضے دگنے اور  نقصانات کا 100 فیصد ازالہ کریں گے،350 جاں بحق افراد کے لواحقین کو 654 ملین روپے ادا کردئیے گئے،معاوضوں کی ادائیگی کے عمل کو شفاف بنانے  کیلئے ڈیجیٹل پیمنٹ سسٹم متعارف کرایا گیا ہے ،اتوار تک تمام ادائیگیاں مکمل کرنے کی ڈیڈ لائن دی گئی ہے ۔