وزیراعظم نے بلاول بھٹو کی تجویز پر زرعی ایمرجنسی نافذ کی ، کسانوں کی امداد کیلئے پیکیج کا خاکہ تیار کیا ہے، تفصیلات اگلے ہفتے سامنے لائی جائیں گی
سیلاب کی پیک گڈو بیراج سے گزر چکی ، اب اس میں کمی آنا شروع ہوگئی ہے،ضلعی انتظامیہ‘محکموں اور مقامی افراد کے بھرپور تعاون اور کردار پر شکر گزار ہیں:وزیر اعلی سندھ
کراچی (آئی این پی )وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے سیلاب سے کسانوں کو پہنچنے والے نقصان کا فوری حل نکالنا ضروری ہے ورنہ فوڈ سیکیورٹی خطرے میں پڑ جائے گی۔کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مراد علی شاہ نے کہا کہ سیلاب سے کسانوں کو پہنچنے والے نقصان کا فوری حل نکالنا ضروری ہے، بصورت دیگر ملک میں فوڈ سیکیورٹی کے سنگین مسائل پیدا ہوں گے جنہیں سنبھالنا مشکل ہوگا۔انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے چیئرمین بلاول بھٹو کی تجویز پر نوٹس لیتے ہوئے ایگریکلچرل ایمرجنسی نافذ کی ہے اور وفاقی سطح پر ایک کمیٹی بھی تشکیل دی گئی ہے، جس میں صوبوں کے نمائندے شامل ہیں جو موجودہ صورتحال کے حل کے لیے اقدامات کریں گے۔مراد علی شاہ نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی ہدایت پر سندھ حکومت نے کسانوں کی امداد کے لئے ایک پیکج کا خاکہ تیار کیا ہے، جس کی تفصیلات اگلے ہفتے سامنے لائی جائیں گی۔ان کا کہنا تھا کہ چیئرمین بلاول بھٹو کا وژن تھا کہ اقوام متحدہ کی سطح پر فلیش اپیل کی جائے اور گزشتہ روز وزیراعظم کی زیر صدارت ہونے والی میٹنگ میں یہ معاملہ زیر بحث آیا، جس پر سندھ سمیت تمام صوبائی حکومتوں نے اتفاق کیا۔