امداد کی فراہمی اے ٹی ایم کارڈز کے ذریعے کی جائیگی تا کہ کسی قسم کی بدعنوانی کو ختم کیا جا سکے
تمام سرکاری اداروں نے آرمڈ فورسز کے ساتھ مل کر ریسکیو آپریشنز کو کامیاب بنایا: صوبائی وزیر خزانہ
لاہور (آن لائن) پنجاب کی مالی حالت مستحکم ہے۔فنڈز کی کمی نہیں۔ ایک ماہ کے اندر سیلاب متاثرین کے نقصانات کا ازالہ کر دیا جائے گا۔ تخمینے کے لیے سروے ٹیمیں متحرک کی جا چکی ہیں۔ متاثرین کو امداد کی فراہمی اے ٹی ایم کارڈز کے ذریعے کی جائیں گی تا کہ کسی قسم کی بدعنوان یا بے ضابطگی کے امکانات کو ختم کیا جا سکے۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جنھوں نے تاریخی سیلاب کا سامنا تاریخی آپریشن سے کیا۔ وزیر اعلی کی ہدایت پر تمام سرکاری اداروں نے آرمڈ فورسز کے ساتھ ملکر ریسکیو آپریشنز کو کامیاب بنایا۔ وزیر اعلیٰ کی ٹیم ورک کی اس بہترین حکمت عملی نیبڑی قدرتی آفت میں متوقع نقصانات کو کم سے کم کر دیا۔ ان خیالات کا اظہار وزیر خزانہ پنجاب مجتبی شجاع الرحمان نے گزشتہ روز میر خلیل الرحمان میموریل ٹرسٹ کے زیر اہتمام لاہور کے مقامی ہوٹل میں ''سیلاب کی تباہ کاریاں اور وزیر اعلیٰ پنجاب کے بروقت اقدامات''کے عنوان سے سیمنار سے خطاب کے دوران کیا۔ اس موقع پر صوبائی وزیر برائے ہاوسنگ،اربن ڈویلپمنٹ اینڈ پبلک ہیلتھ بلال یاسین، ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان کاٹھیار، آر پی او شیخوپورہ اطہر اسماعیل،ڈی جی ایمرجنسی سروسز رضوان نصیر،ڈی آئی کی آپریشنز فیصل کامران اور بشپ لاہور بھی موجود تھے۔ صوبائی وزیر نے شرکاء کو بتایا کہ سیلاب کے دوران صرف سرکاری ادارے ہی مصروف عمل نہیں رہے بلکہ کابینہ اراکین بھی متاثرہ علاقوں میں ریسکیو آپریشن اور امدادی کاروائیوں کی نگرانی کرتے رہے تمام وزراء وزیر اعلیٰ کی جانب سے تفویض کردہ اضلاع میں خدمات سر انجام دیتے رہے۔