ہم نہیں سمجھتے اس وقت کالا باغ ڈیم کی کوئی ضرورت ہے، چھوٹے ڈیم بنائے جا سکتے ہیں
اسلام آباد (آئی این پی)پی ٹی آئی کے رہنما و سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ کالا باغ ڈیم پر علی امین گنڈاپور کا بیان ذاتی ہے، پارٹی پالیسی نہیں۔اسلام آباد سے جاری کیے گئے بیان میں ان کا کہنا ہے کہ ہم نہیں سمجھتے کہ اس وقت کالا باغ ڈیم کی کوئی ضرورت ہے۔اسد قیصر نے کہا کہ اس وقت اور بھی چھوٹے چھوٹے ڈیم بنائے جا سکتے ہیں، علی امین کے اپنے علاقے میں چشمہ رائٹ بینک کینال کا ایک پروجیکٹ ہے۔سابق اسپیکر قومی اسمبلی نے مزید کہا کہ اس پروجیکٹ سے علی امین گنڈاپور کے علاقے کی پانی کی ضرورت پوری ہو جائے گی۔اسد قیصر کا یہ بھی کہنا ہے کہ متنازع چیزوں کو غیر ضروری طور پر چھیڑنا اچھا نہیں۔