سیلاب کا مقابلہ کرنے کیلئے عالمی دنیا مدد کرے بلاول بھٹو
وزیرخارجہ عالمی سطح پر باضابطہ اپیل کریں‘ فوری طور پر اقوام متحدہ جانا چاہیے‘پاکستان کے دوست ممالک مدد کرنا چاہتے ہیں‘ حکومت بیج اور کھاد پرکسانوں کو سہولت دے،ہم سب کی ذمہ داری ہے سیلاب متاثرین کا ساتھ دیں
وفاقی حکومت کو صوبائی حکومت کے ساتھ مل کر کام کرنا ہوگا، یہ سیاسی بیان بازی کا موقع نہیں ہے، مستحق متاثرین تک صحیح امداد پہنچنے کا ذریعہ بینظیرانکم سپورٹ پروگرام ہے:ملتان میں سیلاب متاثرین سے خطاب
ملتان (مانیٹرنگ ڈیسک) چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو پاکستان سیلاب سے تنہا مقابلہ نہیں کرسکتے، عالمی دْنیا ہماری مدد کریے۔ملتان میں متاثرین سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا ملک بھر میں سیلابی صورتِ حال ہے اور متاثرین کو مشکلات کا سامنا ہے۔اْنہوں نے کہا مشکل وقت میں سیلاب متاثرین کے ساتھ ہیں،عالمی سطح پر سیلاب متاثرین کیلئے امداد کی اپیل کرنے کا مطالبہ کردیا، پہلے ہی اس معاملے پر بہت تاخیر کی جاچکی ، فوری طور پر اقوام متحدہ جانا چاہیے۔ پاکستان کے دوست ممالک مدد کرنا چاہتے ہیں۔سیلاب متاثرہ علاقے کے دورے کے موقع پرچیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی کا کہنا تھا کہ وفاق اورصوبے سیلاب کا تنہا مقابلہ نہیں کرسکتے، پنجاب میں سیلاب کے معاملے پر مثبت رپورٹنگ قابل تعریف ہے۔بلاول بھٹو نے کہا متاثرین کے قرض اور بجلی کے بل معاف کئے جائیں، زرعی شعبے کو ریلیف دیا جائے، سیلاب متاثرین کے نقصانات کا ازالہ ہوناچاہیے، ملک میں زرعی ایمرجنسی لگائی جانی چاہیے۔ حکومت بیج اور کھاد پرکسانوں کو سہولت دے، وفاقی حکومت کو صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کرکام کرنا ہوگا، وزیرخارجہ عالمی سطح پر باضابطہ اپیل کریں۔ سیلاب کے شروع سے اختتام تک کسانوں کے بل معاف کرنے چاہئیں ، بینظیرانکم سپورٹ پروگرام کے ذریعے متاثرین کی مدد کی جائے۔وزیراعظم صاحب کو درخواست کی ہے بینظیر اِنکم سپورٹ کے ذریعے سیلاب متاثرین میں امداد کی تقسیم جلد شروع کی جائیپنجاب کے ضلع مظفرگڑھ میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ لاہور اور قصور کے بعد مظفرگڑھ میں اپنی آنکھوں سے دیکھ رہا ہوں کہ لوگ کن مشکلات سے گزر رہے ہیں۔ اس سیلاب میں سب سے زیادہ نقصان ہماری زرعی معیشت اور کسان بھائیوں کا ہوا ہے، اس مشکل وقت میں ہم سب پر یہ ذمہ داری ہے کہ ہم اپنے سیلاب متاثرین لوگوں کا ساتھ دیں۔بلاول بھٹو نے کہا کہ کسی بھی قدرتی آفت اور غربت کا مقابلہ کرنے کیلئے ہمارے پاس سب سے مؤثر انداز میں مدد پہنچانے کیلئے بینظیر اِنکم سپورٹ پروگرام موجود ہے۔ وفاقی حکومت کو صوبائی حکومت کے ساتھ مل کر کام کرنا ہوگا، یہ سیاسی بیان بازی کا موقع نہیں ہے، مستحق متاثرین تک صحیح امداد پہنچنے کا ذریعہ بینظیرانکم سپورٹ پروگرام ہے۔