پنجاب فوڈ اتھارٹی نے لاہور میں مضر صحت اور غیر معیاری اشیاء کی تیاری کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے ایک غیر قانونی گولی ٹافی یونٹ کو بند کر دیا ہے۔
ترجمان کے مطابق ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آپریشنز اسد اللہ نے ٹیم کے ہمراہ راوی ٹاؤن کے علاقے میں چھاپہ مارا، جہاں ایک یونٹ میں کھلے رنگوں، کیمیکلز اور ناقص خام مال کے ذریعے ٹافیاں تیار کی جا رہی تھیں۔کارروائی کے دوران حکام نے تقریباً 8 ہزار کلوگرام تیار مضر صحت ٹافیاں موقع پر ہی تلف کر دیں۔ معائنے کے دوران پروسیسنگ ایریا میں صفائی کی صورتحال انتہائی خراب پائی گئی، جگہ جگہ گندا پانی جمع تھا جبکہ تیار شدہ اشیاء پر مکھیوں کی موجودگی بھی دیکھی گئی۔
ڈی جی فوڈ اتھارٹی سید موسیٰ رضا کے مطابق یونٹ میں کام کرنے والے ملازمین کے میڈیکل سرٹیفکیٹس اور ٹریننگ ریکارڈ بھی موجود نہیں تھے، جبکہ ضروری قانونی دستاویزات اور ریکارڈ کی بھی شدید کمی پائی گئی۔حکام نے واضح کیا ہے کہ عوام کی صحت سے کھیلنے والوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی اور کسی بھی صورت مضر صحت اشیاء کی تیاری یا فروخت کی اجازت نہیں دی جائے گی۔