فیصل آباد میں حکومت پنجاب نے جعلی اور مضر صحت ادویات کے حوالے سے الرٹ جاری کر دیا ہے۔
الرٹ کے مطابق آنکھوں کی بیماری، امراضِ جلد اور سٹیرائڈز کے لیے استعمال ہونے والی کچھ مخصوص بیچز مضر صحت قرار دی گئی ہیں۔محکمہ صحت کے مطابق لاہور، اسلام آباد اور ملتان کی ڈرگ ٹیسٹنگ لیبارٹریوں نے متعلقہ ادویات کے نمونوں کی جانچ کے بعد انہیں مضر صحت قرار دیا ہے۔حکومت پنجاب نے ہدایت جاری کی ہے کہ متعلقہ بیچ نمبر والی ادویات فوری طور پر مارکیٹ سے واپس لی جائیں اور میڈیکل اسٹورز پر ان کی فروخت فوری بند کی جائے۔ محکمہ صحت نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ صرف مستند اور رجسٹرڈ میڈیکل اسٹورز سے ادویات خریدیں، کیونکہ مضر صحت ادویات کے استعمال سے صحت پر شدید خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔حکام نے ڈرگ انسپکٹرز کو بھی ہدایت دی ہے کہ مارکیٹوں کی چیکنگ تیز کریں اور مضر صحت ادویات فروخت کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔