لاہور: پنجاب فوڈ اتھارٹی نے مردہ اور بیمار جانوروں کا مضر صحت گوشت شہریوں تک پہنچانے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے بڑی کارروائی کے دوران 900 کلو گرام گوشت تلف کر دیا، جبکہ گوشت کی ترسیل میں استعمال ہونے والی سپلائر گاڑی بھی ضبط کر لی گئی۔
تفصیلات کے مطابق ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ہدایت پر کوٹ لکھپت کے علاقے میں فوڈ سیفٹی ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے ایک بیف شاپ سے بھاری مقدار میں مضر صحت گوشت برآمد کیا۔ معائنے کے دوران گوشت کی حالت انتہائی خراب پائی گئی، جس پر اسے موقع پر ہی تلف کر دیا گیا۔ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی منصور احمد کے مطابق برآمد ہونے والے گوشت سے شدید بدبو آ رہی تھی اور اس کی رنگت بھی تبدیل ہو چکی تھی۔ ابتدائی معائنے میں انکشاف ہوا کہ یہ لمپی اسکن بیماری سے متاثرہ جانوروں کا گوشت تھا، جسے غیر قانونی طور پر ذبح کرکے فروخت کے لیے تیار کیا جا رہا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ ویٹرنری اسپیشلسٹ نے گوشت کا تفصیلی معائنہ کیا اور اسے انسانی استعمال کے لیے انتہائی مضر قرار دیا، جس کے بعد تمام 900 کلو گوشت تلف کر دیا گیا۔فوڈ اتھارٹی حکام نے کارروائی کے دوران گوشت کی سپلائی کے لیے استعمال ہونے والی گاڑی بھی ضبط کر لی، تاکہ مضر صحت گوشت کی مزید ترسیل روکی جا سکے۔