ٹولنٹن مارکیٹ میں فوڈ اتھارٹی کا بڑا آپریشن، 5 ہزار 850 کلو مضر صحت گوشت تلف

ٹولنٹن مارکیٹ میں فوڈ اتھارٹی کا بڑا آپریشن، 5 ہزار 850 کلو مضر صحت گوشت تلف

لاہور (ویب ڈیسک): ڈی جی فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید اور ڈی جی ایل ڈی اے کی قیادت میں لاہور کی معروف ٹولنٹن مارکیٹ میں بڑا آپریشن کیا گیا، جس کے دوران بڑی مقدار میں بیمار اور مضر صحت مرغیاں تلف کی گئیں۔

 اس کارروائی کا مقصد شہریوں کو غیر معیاری اور خطرناک گوشت سے بچانا اور صحت مند خوراک کی فراہمی کو یقینی بنانا تھا۔تفصیلات کے مطابق، آپریشن کے دوران میٹ سیفٹی ٹاسک فورس مکمل طور پر متحرک رہی، جس کی نگرانی میں 5 ہزار 850 کلو بیمار اور مضر صحت مرغیاں اور گوشت موقع پر تلف کر دیا گیا۔ کارروائی کے دوران ٹولنٹن مارکیٹ میں موجود 21 سپلائرز اور 55 ہزار کلو مرغیوں کی چیکنگ کی گئی۔ڈی جی فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید کے مطابق، تلف کردہ مرغیاں مختلف امراض، کم وزن اور نزلے میں مبتلا تھیں اور انہیں مارکیٹ کی مختلف دکانوں پر سپلائی کیا جانا تھا۔ ویٹرنری ماہرین نے مرغیوں کا مکمل طبی معائنہ کیا اور ان کی صحت کے لیے مضر حالت کی تصدیق کی۔

ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے کہا کہ بیمار مرغیوں کا گوشت تیار کرنا ایک سنگین جرم ہے اور ایسے افراد جو صرف منافع کے لالچ میں شہریوں کی صحت سے کھیلتے ہیں، ان کے خلاف سخت ترین کارروائیاں جاری رہیں گی۔انہوں نے مزید بتایا کہ بین الاقوامی معیار کے مطابق گوشت کی تیاری اور ترسیل کے نظام پر کام جاری ہے اور جعلساز مافیا کا جڑ سے خاتمہ کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔عاصم جاوید نے شہریوں کو ہدایت کی کہ وہ پہلے سے ذبح شدہ گوشت نہ خریدیں، بلکہ مرغی کو اپنی آنکھوں کے سامنے ذبح کروائیں تاکہ وہ اس کی صحت کے بارے میں مطمئن رہ سکیں۔واضح رہے کہ سابقہ ہدایات پر عمل نہ کرنے والے 5 سپلائرز کو بھاری جرمانے بھی عائد کیے گئے ہیں۔