ملتان: پنجاب فوڈ اتھارٹی کا کریک ڈاؤن، 2 ریسٹورنٹس کو ڈھائی لاکھ روپے جرمانہ

ملتان: پنجاب فوڈ اتھارٹی کا کریک ڈاؤن، 2 ریسٹورنٹس کو ڈھائی لاکھ روپے جرمانہ

ملتان میں پنجاب فوڈ اتھارٹی نے غیر معیاری اور مضر صحت خوراک کی تیاری و فروخت کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے مختلف ریسٹورنٹس، بیکریز اور پاپڑ تیار کرنے والی فیکٹریوں کی انسپکشن کی۔

 کارروائی کے دوران 200 درجن سے زائد خراب انڈے، گٹکا اور غیر معیاری اجزا تلف کردیے گئے، جبکہ قوانین کی خلاف ورزی پر 2 ریسٹورنٹس کو مجموعی طور پر ڈھائی لاکھ روپے جرمانہ عائد کردیا گیا۔تفصیلات کے مطابق پنجاب فوڈ اتھارٹی کی جانب سے ملتان میں خوراک کے معیار کو یقینی بنانے اور شہریوں کو مضر صحت اشیا کی فراہمی روکنے کے لیے خصوصی چیکنگ مہم جاری ہے۔ اس سلسلے میں فوڈ سیفٹی ٹیموں نے رواں ہفتے مختلف علاقوں میں ریسٹورنٹس، بیکریز اور پاپڑ تیار کرنے والی فیکٹریوں کا معائنہ کیا۔ترجمان پنجاب فوڈ اتھارٹی کے مطابق انسپکشن کے دوران مختلف مقامات پر خوراک کی تیاری میں استعمال ہونے والے اجزا کا معیار چیک کیا گیا۔

 کارروائی کے دوران 200 درجن سے زائد خراب انڈے، گٹکا اور دیگر غیر معیاری اجزا برآمد کرکے تلف کردیے گئے۔ترجمان کا کہنا ہے کہ کھانے کی تیاری میں غیر معیاری اجزا استعمال کرنے اور فوڈ سیفٹی قوانین کی خلاف ورزی پر 2 ریسٹورنٹس کے خلاف کارروائی کی گئی اور دونوں پر مجموعی طور پر 2 لاکھ 50 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔پنجاب فوڈ اتھارٹی کے ترجمان کے مطابق شہریوں کو معیاری اور محفوظ خوراک کی فراہمی اولین ترجیح ہے، غیر معیاری خوراک تیار کرنے اور فروخت کرنے والوں کے خلاف کارروائیاں بلاامتیاز جاری رہیں گی۔