عمیر شاہ اور فرحان اشرف وراثتی انتقال کیلئے 20،20ہزار لیتے پکڑے گئے
سب انسپکٹر غفار شہری سے30 ہزارلیتے پکڑاگیا،ملزموں کیخلاف مقدمات درج
لاہور ( کرائم رپورٹر)اینٹی کرپشن سرکل ساہیوال کے چھاپوں میں ریڈراے سی ہیڈ کوارٹر،پٹواری اور سب انسپکٹر رشوت لیتے رنگے ہاتھوں پکڑے گئے۔پہلا چھاپہ ریڈر اسسٹنٹ کمشنر ہیڈ کوارٹر کاظم شاہ کے دفتر کے باہرمارا گیاجہاں ریڈر عمیر شاہ نے خاتون بلقیس بی بی سے وراثتی انتقال کے سلسلہ میں 20ہزار رشوت طلب کی۔ اینٹی کرپشن سرکل آفیسر ساہیوال ارشد زمان نے ٹیم کے ہمراہ مجسٹریٹ عمر حسن کی نگرانی میں ریڈ کرکے ر یڈر عمیر شاہ کو گرفتارکرکے نشان زدہ نوٹ بر آمد کرلئے۔ دوسرا چھاپہ نواحی گا ئوں 49/5-Lمیں مار اگیاجہاں حلقہ پٹواری فرحان اشرف نے زاہد مجید سے وراثتی انتقال کیلئے 20ہزار رشوت طلب کی۔ سرکل آفیسر اینٹی کرپشن زمان ارشد نے ٹیم کے ہمراہ مجسٹریٹ خواجہ مہر حسن کی زیر نگرانی تیسرا چھاپہ مار کر پٹواری کو گرفتارکرکے نشان زدہ نوٹ بر آمد کرلئے۔ سرکل آفیسر ہیڈکوارٹر اینٹی کرپشن ساہیوال صہیب قیصر اور اْنکی ٹیم نے مجسٹریٹ کی زیر نگرانی چھاپہ مار کرمحکمہ پولیس کے سب انسپکٹر غفار کو شہری سے30 ہزاررشوت لیتے رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا اور نشان زدہ نوٹ بر آمد کر لیے ۔ پولیس تھانہ اینٹی کرپشن ساہیوال نے ملزموں کیخلاف مقدمات درج کرلئے۔