ایشین گیمز کرکٹ ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میں پاکستان نے بنگلہ دیش کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔
سیمی فائنل میں بنگلہ دیش نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 111 رنز بنائے۔ توحید حیدری 42 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔پاکستان کی جانب سے سفیان مقیم نے 3 جبکہ عرفات منہاس نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔پاکستان نے 112 رنز کا ہدف 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ نوجوان بلے باز عبدالصمد نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 15 گیندوں پر 5 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 30 رنز بنائے۔حسن نواز نے 27 رنز کی اننگز کھیلی، جبکہ معاذ صداقت 15 اور عثمان خان 14 رنز بنا کر نمایاں رہے۔پاکستان نے 112 رنز بنا کر 6 وکٹوں سے کامیابی حاصل کی اور ایشین گیمز کرکٹ ٹورنامنٹ کے فائنل میں جگہ پکی کرلی۔