لاہور: وزیراعظم فیول سبسڈی سکیم پنجاب بھر میں جاری ہے، جس کے تحت صوبے میں اب تک 46 لاکھ سے زائد افراد رجسٹرڈ ہوچکے ہیں۔
ایڈیشنل چیف سیکرٹری پنجاب افتخار علی سہو کے مطابق صوبے میں اب تک 55 لاکھ افراد کو فیول سبسڈی کے ٹوکن جاری کیے جاچکے ہیں، جبکہ 44 لاکھ سے زائد افراد ٹوکن حاصل کرکے سکیم سے استفادہ کرچکے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم فیول سبسڈی پنجاب بھر کے 6 ہزار 420 پٹرول پمپس پر فراہم کی جا رہی ہے، جہاں رجسٹرڈ شہری ٹوکن کے ذریعے سبسڈی حاصل کررہے ہیں۔افتخار علی سہو کے مطابق سکیم پر عملدرآمد کی نگرانی کے لیے پنجاب بھر میں مختلف انسپکشن ٹیمیں بھی تشکیل دی گئی ہیں۔ یہ ٹیمیں پٹرول پمپس کے دورے کرکے سبسڈی کی فراہمی کے عمل کا جائزہ لے رہی ہیں۔حکام کے مطابق انسپکشن ٹیموں کے ذریعے پٹرول پمپس پر سکیم کے طریقہ کار پر عملدرآمد اور شہریوں کو سبسڈی کی فراہمی کی نگرانی جاری ہے۔