وزیراعظم کا فیول ریلیف اسکیم میں کوتاہی پر سخت نوٹس، مستحقین کو سہولت نہ دینے والے پیٹرول پمپس کے لائسنس منسوخ کرنے کا حکم

وزیراعظم کا فیول ریلیف اسکیم میں کوتاہی پر سخت نوٹس، مستحقین کو سہولت نہ دینے والے پیٹرول پمپس کے لائسنس منسوخ کرنے کا حکم

وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت پرائم منسٹر فیول ریلیف پروگرام سے متعلق اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں اسکیم پر ہونے والی پیشرفت، رجسٹریشن، سبسڈی کی ادائیگیوں اور شفافیت کے نظام کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

وزیراعظم نے پروگرام پر اب تک ہونے والی پیشرفت اور شفافیت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ رجسٹریشن اور سبسڈی کے حصول کا طریقہ کار آسان بنانے سے شہریوں کی رجسٹریشن میں اضافہ ہوا ہے اور زیادہ سے زیادہ مستحق افراد اس سہولت سے فائدہ اٹھا رہے ہیں۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ مستحق شہریوں کے لیے ٹیکنالوجی پر مبنی یہ شفاف سبسڈی اسکیم مستقبل میں عوامی فلاح و بہبود کے ایسے اقدامات کے لیے گیم چینجر ثابت ہوگی۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ پروگرام کے نظام کو مزید مؤثر بنایا جائے تاکہ امداد مستحق افراد تک شفاف انداز میں پہنچ سکے۔

سبسڈی نہ دینے والے پیٹرول پمپس کے لائسنس منسوخ کرنے کی ہدایت

اجلاس کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے پیٹرولیم سبسڈی اسکیم کے تحت رجسٹرڈ مستحقین کو سہولت فراہم نہ کرنے والے پیٹرول پمپس کے لائسنس منسوخ کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے واضح کیا کہ اسکیم پر عمل درآمد میں کسی قسم کی غفلت یا رکاوٹ برداشت نہیں کی جائے گی۔وزیراعظم نے اسکیم کی مؤثر مانیٹرنگ اور ڈیش بورڈ کی تیاری پر وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کام شزا فاطمہ، وفاقی سیکریٹری آئی ٹی و ٹیلی کام ضرار ہاشم خان اور ان کی ٹیم کی کارکردگی کو بھی سراہا۔

15.5 ملین سے زائد شہریوں کی رجسٹریشن مکمل

اجلاس کو پرائم منسٹر فیول ریلیف پروگرام پر پیشرفت کے حوالے سے بریفنگ دی گئی، جس میں بتایا گیا کہ اسکیم کے تحت اب تک مجموعی طور پر 15 کروڑ 51 لاکھ نہیں بلکہ 15,519,282 شہری رجسٹر ہو چکے ہیں۔ ان میں 15.06 ملین موٹر سائیکلیں اور 449 ہزار 800 سی سی تک کی گاڑیوں کے مالکان شامل ہیں۔بریفنگ کے مطابق سبسڈی اسکیم کے تحت اب تک 63,153,685 ٹوکن جاری کیے جا چکے ہیں، جن میں سے 59,445,347 ٹوکن استعمال یا ریڈییم کیے جا چکے ہیں۔اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ 4 نومبر 2026 تک فیول سبسڈی پروگرام کے تحت مجموعی طور پر 28.6 ارب روپے کی ادائیگیاں کی جا چکی ہیں، جس سے اسکیم کے تحت مستحق شہریوں کو فراہم کی جانے والی مالی سہولت کا اندازہ ہوتا ہے۔

شکایات کے ازالے کے لیے الگ کال سینٹرز قائم

بریفنگ میں بتایا گیا کہ پرائم منسٹر فیول ریلیف پروگرام سے متعلق معلومات کی فراہمی اور شکایات کے فوری ازالے کے لیے صارفین اور پیٹرول پمپس کی سہولت کے لیے الگ الگ کال سینٹرز قائم کیے گئے ہیں، تاکہ شہریوں کو رجسٹریشن اور سبسڈی کے حصول کے دوران پیش آنے والے مسائل کے حل میں آسانی ہو۔اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی مصدق ملک، وفاقی وزیر خزانہ و محصولات محمد اورنگزیب، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ، وزیر پیٹرولیم ڈویژن علی پرویز ملک اور وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی شریک ہوئے۔اس کے علاوہ وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق باجوہ، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے توانائی لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ ظفر اقبال اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔