مستحقین کے لیے خوشخبری: فیول سبسڈی اسکیم کی پانچویں اور چھٹی قسط رواں ماہ جاری کرنے کا فیصلہ

مستحقین کے لیے خوشخبری: فیول سبسڈی اسکیم کی پانچویں اور چھٹی قسط رواں ماہ جاری کرنے کا فیصلہ

نائب وزیرِاعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار کی زیرِ صدارت ایک اہم اجلاس میں فیول سبسڈی اسکیم کے تحت عوامی ریلیف اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، جس میں فیصلہ کیا گیا کہ اسکیم کی پانچویں اور چھٹی قسط رواں ماہ کے دوران مستحقین میں تقسیم کی جائے گی۔

اجلاس میں اس بات پر غور کیا گیا کہ پبلک ٹرانسپورٹ آپریٹرز، موٹرسائیکل مالکان اور کسانوں کو فیول سبسڈی کس طریقہ کار کے تحت زیادہ مؤثر اور شفاف انداز میں فراہم کی جائے۔ حکام نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اسکیم کے عملی نفاذ میں اب تک پیش رفت تسلی بخش رہی ہے، تاہم مزید بہتری کے لیے صوبائی حکومتوں کے ساتھ رابطہ اور ڈیٹا شیئرنگ کو بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔اجلاس میں خاص طور پر شفافیت، احتساب اور ریکارڈ کی درستگی کو مرکزی حیثیت دی گئی تاکہ سبسڈی حقیقی مستحق افراد تک پہنچ سکے اور کسی قسم کی بے ضابطگی یا رساؤ (leakage) سے بچا جا سکے۔

اس موقع پر اسحاق ڈار نے کہا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ معاشی دباؤ کا شکار عام شہری، بالخصوص ٹرانسپورٹ سیکٹر اور زرعی شعبے سے وابستہ افراد کو براہِ راست ریلیف فراہم کیا جائے۔ ان کے مطابق فیول سبسڈی اسکیم کا بنیادی مقصد مہنگائی کے اثرات کو کم کرنا اور پیداواری لاگت میں کمی لانا ہے۔اجلاس کے اختتام پر نائب وزیرِاعظم نے مجموعی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا اور متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ مقررہ وقت کے اندر قسطوں کی ادائیگی کو یقینی بنایا جائے اور عملدرآمد میں کسی قسم کی تاخیر نہ ہو۔