وزیراعظم کی جانب سے غریب اور متوسط طبقے کے لیے پیٹرولیم سبسڈی اسکیم میں اضافی سہولیات کی منظوری

وزیراعظم کی جانب سے غریب اور متوسط طبقے کے لیے پیٹرولیم سبسڈی اسکیم میں اضافی سہولیات کی منظوری

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر کم آمدنی اور متوسط طبقے کے لیے جاری پیٹرولیم فیول سبسڈی اسکیم میں مزید سہولت فراہم کرتے ہوئے رجسٹریشن کے لیے 9771 پر بھیجے جانے والے پیغام کو مفت کردیا گیا۔

وزیراعظم آفس کے مطابق وزیراعظم فیول سبسڈی اسکیم کے تحت موٹر سائیکل، رکشہ اور 800 سی سی تک کی گاڑیوں کے مالکان کو فیول سبسڈی فراہم کی جا رہی ہے۔ اسکیم کا دائرہ پورے ملک سمیت آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان تک بڑھا دیا گیا ہے۔حکومت کے مطابق اسکیم میں رجسٹریشن کا طریقہ کار بھی آسان رکھا گیا ہے اور اس کے لیے بنیادی طور پر چار معلومات درکار ہیں، جن میں شناختی کارڈ نمبر، گاڑی کا نمبر پلیٹ، رجسٹریشن کے صوبے کا پہلا حرف اور گاڑی کی رجسٹریشن کی تاریخ شامل ہیں۔رجسٹریشن کے لیے REG لکھ کر اسپیس دیں، اس کے بعد شناختی کارڈ نمبر، گاڑی کا نمبر پلیٹ، رجسٹریشن کے صوبے کے نام کا پہلا حرف اور گاڑی کی رجسٹریشن کی تاریخ درج کرکے 9771 پر پیغام بھیجا جائے گا۔حکومت کی جانب سے رجسٹریشن کے پیغام کو مفت کرنے کا مقصد شہریوں کے لیے اسکیم تک رسائی مزید آسان بنانا اور کم آمدنی والے طبقے کو اضافی اخراجات سے بچانا ہے۔

اس سے قبل حکومت نے اسکیم کے مستحق افراد کی رہنمائی کے لیے پیٹرول پمپس اور دیگر مقامات پر سہولت ڈیسک قائم کرنے کی ہدایت بھی کی تھی، جہاں انتظامیہ، رضاکار اور پیٹرول پمپ کا عملہ رجسٹریشن اور دیگر ضروری مراحل میں شہریوں کی مدد کرے گا۔حکام کے مطابق کامیاب رجسٹریشنز کی تعداد میں بتدریج اضافہ ہو رہا ہے جبکہ صوبائی حکومتیں بھی اسکیم کے ملک گیر نفاذ میں تعاون کر رہی ہیں۔وزارتِ اطلاعات کے مطابق اسکیم کے تحت اہل افراد کو 100 روپے فی لیٹر فیول سبسڈی فراہم کی جا رہی ہے، جبکہ حکومت نے اس مقصد کے لیے ماہانہ 25 ارب روپے مختص کرنے کا بتایا ہے۔فیول سبسڈی اسکیم سے متعلق مکمل معلومات حکومت کی اردو ویب سائٹ pmfuelrelief.pk پر دستیاب ہیں۔