اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر وزیراعظم فیول ریلیف اسکیم کے دائرہ کار میں مزید توسیع کردی گئی ہے، جس کے تحت پانچ لیٹر سے کم پٹرول ڈلوانے والے موٹرسائیکل، چنگ چی رکشہ اور رکشہ مالکان کو بھی رعایتی پٹرول کی سہولت فراہم کی جائے گی۔
حکومت کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق دو اور تین پہیوں والی گاڑیوں کے صارفین کو ہفتہ وار 500 روپے تک ریلیف دیا جائے گا، جو 5 لیٹر پٹرول پر 100 روپے فی لیٹر رعایت کے مساوی ہے۔ اس مقصد کے لیے ہر ہفتے ایک ٹوکن جاری کیا جائے گا، جبکہ ایک ماہ میں مجموعی طور پر چار ٹوکن حاصل کیے جا سکیں گے۔اس سے قبل وزیراعظم فیول ریلیف اسکیم کے تحت 800 سی سی تک کی گاڑیوں کے مالکان کے لیے بھی رعایتی پٹرول کا طریقہ کار مقرر کیا گیا تھا۔ سرکاری اعلان کے مطابق ایسی گاڑیوں کے غیر کمرشل صارفین کو ہر 10 دن میں 10 لیٹر پٹرول پر 100 روپے فی لیٹر رعایت دی جائے گی، جبکہ ایک ماہ میں تین ٹوکن جاری کیے جائیں گے۔وزیراعظم شہباز شریف نے اسکیم سے متعلق موصول ہونے والی آراء اور تجاویز کی روشنی میں ریلیف کا دائرہ مزید وسیع کرنے کی ہدایت کی ہے تاکہ کم آمدنی والے طبقات، خصوصاً موٹرسائیکل اور رکشہ استعمال کرنے والے افراد کو پٹرول کی بڑھتی قیمتوں کے اثرات سے کچھ حد تک ریلیف فراہم کیا جاسکے۔حکومت نے واضح کیا ہے کہ یہ اسکیم بنیادی طور پر ہدفی ریلیف کے اصول کے تحت چلائی جا رہی ہے، یعنی سبسڈی کو عمومی طور پر تمام صارفین کے بجائے مخصوص اہل افراد تک پہنچایا جائے گا۔ اقتصادی رابطہ کمیٹی نے اسکیم کے لیے 75 ارب روپے کے ٹیکنیکل سپلیمنٹری گرانٹ کی منظوری بھی دی ہے۔
اسکیم کے تحت ریلیف کی فراہمی کو ڈیجیٹل بنانے کے لیے وزارتِ آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن کو فیول پاس سسٹم (FPS) کے انتظام اور نفاذ کی ذمہ داری دی گئی ہے، جس کا مقصد مستحق افراد کی شناخت، ٹوکن کے اجرا اور رعایت کی شفاف فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔وزیراعظم نے اس سے قبل اسکیم کے اہل افراد کے لیے رجسٹریشن پیغام کو بھی مفت کرنے کا اعلان کیا تھا، جبکہ 20 سال پرانی موٹرسائیکلوں، رکشوں اور چنگ چی رکشوں کو بھی اسکیم میں شامل کرنے کی ہدایت کی گئی تھی۔حکومتی فیصلے کے مطابق یکم جنوری 2006 کے بعد رجسٹرڈ موٹرسائیکلیں، رکشے اور چنگ چی رکشے اسکیم میں رجسٹریشن کے لیے اہل قرار دیے گئے ہیں۔ اس اقدام کا مقصد زیادہ سے زیادہ مستحق شہریوں کو ہدفی پٹرول ریلیف کی سہولت فراہم کرنا ہے۔
وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک کے مطابق حکومت کی جانب سے موٹرسائیکل، دو اور تین پہیوں والی گاڑیوں اور چھوٹی گاڑیوں کے صارفین کو ہدفی سبسڈی فراہم کی جا رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کا مقصد پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے دباؤ سے متاثرہ طبقات کو براہِ راست ریلیف پہنچانا ہے۔وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ اسکیم سے مستفید ہونے والوں کا دائرہ کار وسیع رکھنے کے ساتھ ساتھ رعایتی پٹرول کی فراہمی کا عمل آسان، باعزت، شفاف اور بلا رکاوٹ بنایا جائے۔