کونکاکاف نیشنز لیگ کے میچ میں انگویلا کے فٹبالر اسکیپیو کے غیر معمولی طور پر لمبے بالوں نے ایسا دلچسپ منظر پیدا کردیا کہ مخالف ٹیم کے 2 کھلاڑی ریڈ کارڈ دیکھ کر میدان سے باہر ہوگئے۔
انگویلا کو اینٹیگا اینڈ باربوڈا کے ہاتھوں 0-5 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا، تاہم میچ میں سب سے زیادہ توجہ اسکیپیو کے تقریباً ٹخنوں تک پہنچنے والے بالوں نے حاصل کی۔36 سالہ اسکیپیو 69ویں منٹ میں اس وقت میدان میں آئے جب انگویلا پہلے ہی پانچ گول کے خسارے میں تھی۔میچ کے چند منٹ بعد اینٹیگا اینڈ باربوڈا کے کیون گرین نے گیند لے کر آگے بڑھنے والے اسکیپیو کے بال پکڑ لیے، جس پر ریفری نے انہیں براہ راست ریڈ کارڈ دکھا دیا۔انجری ٹائم میں شالون نائٹ نے بھی اسکیپیو کو روکنے کی کوشش میں ان کے بال کھینچ لیے، جس پر انہیں بھی میدان سے باہر بھیج دیا گیا۔یوں 0-5 کی برتری حاصل ہونے کے باوجود اینٹیگا اینڈ باربوڈا کی ٹیم نے میچ کا اختتام 9 کھلاڑیوں کے ساتھ کیا۔