اسرائیل کے فٹبالر سعید ابو فرحچی کو آسٹریا کے خلاف نیشنز لیگ کے میچ میں گول کرنے کے بعد متنازع انداز میں جشن منانے پر ریڈ کارڈ دکھا کر میدان سے باہر بھیج دیا گیا۔
میچ کے دوسرے ہاف کے آغاز میں سعید ابو فرحچی نے گول کرکے مقابلہ 1-1 سے برابر کردیا۔ گول کے بعد وہ دوڑتے ہوئے کارنر کی جانب گئے، کارنر فلیگ نکالا اور گھٹنے کے بل بیٹھ کر فلیگ کو ہاتھ پر رکھتے ہوئے ایسا اشارہ کیا جیسے فائرنگ کر رہے ہوں۔یہ واضح نہیں ہوسکا کہ فٹبالر کھیل کے کسی مخصوص انداز کی نقل کر رہے تھے یا ان کا اشارہ ہتھیار چلانے سے متعلق تھا۔ریفری نے انہیں پہلے یلو کارڈ کے صرف چار منٹ بعد دوسرا یلو کارڈ دکھایا، جس کے نتیجے میں انہیں میدان سے باہر جانا پڑا۔اضافی کھلاڑی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے آسٹریا نے میچ میں دوبارہ برتری حاصل کی اور مقابلہ 1-3 سے اپنے نام کرلیا۔ رومانو شمٹ نے پنالٹی پر آسٹریا کی جانب سے ابتدائی گول کیا، جبکہ فلپ موینے اور ساشا کالادزیچ نے آخری لمحات میں گول کرکے ٹیم کی فتح یقینی بنائی۔