برازیل میں انڈر 20 میچ ہنگامہ آرائی کی نذر، 51 کھلاڑیوں کو ریڈ کارڈ دکھا دیے گئے

برازیل میں انڈر 20 میچ ہنگامہ آرائی کی نذر، 51 کھلاڑیوں کو ریڈ کارڈ دکھا دیے گئے

برازیل میں انڈر 20 فٹبال چیمپئن شپ کے سیمی فائنل کے دوران کھلاڑیوں کے درمیان شدید ہنگامہ آرائی کے نتیجے میں ریفری نے مجموعی طور پر 51 ریڈ کارڈز دکھا دیے، جسے فٹبال کی تاریخ کا نیا عالمی ریکارڈ قرار دیا جا رہا ہے۔

یہ غیر معمولی واقعہ برازیل کی ریاست میناس گیریس کی انڈر 20 چیمپئن شپ کے سیمی فائنل کے پہلے مرحلے میں اوبرلینڈیا اور مامورے کی ٹیموں کے درمیان پیش آیا، جہاں 43 کھلاڑیوں اور دونوں ٹیموں کے کوچنگ اسٹاف کے 8 ارکان کو میدان سے باہر بھیج دیا گیا۔میچ ریفری کی رپورٹ کے مطابق دوسرے ہاف میں مامورے کے کھلاڑی ڈیوڈ نے گول کرنے کے بعد مخالف ٹیم کے بینچ کی جانب اشارے کیے، جس پر اوبرلینڈیا کے گول کیپنگ کوچ پاؤلو سرجیو ڈیاس ڈوس سانتوس میدان میں آگئے۔اس واقعے کے بعد دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کے درمیان تلخ کلامی شروع ہوئی، جو دیکھتے ہی دیکھتے شدید تصادم اور ہنگامہ آرائی میں تبدیل ہوگئی۔ واقعے سے قبل بھی تین کھلاڑیوں کو ریڈ کارڈ دکھائے جا چکے تھے۔

ہنگامہ آرائی کے دوران اسٹیڈیم میں توڑ پھوڑ بھی کی گئی، جس کے باعث پولیس کو طلب کرنا پڑا۔ صورتحال کے پیش نظر میچ تقریباً 40 منٹ تک معطل رہا، تاہم حالات معمول پر نہ آنے کے بعد ریفری نے مقابلہ ختم کرنے کا فیصلہ کیا۔اس سے قبل فٹبال میچ میں سب سے زیادہ ریڈ کارڈز دکھانے کا ریکارڈ 2011 میں ارجنٹائن میں ہونے والے ایک میچ کے پاس تھا، جہاں مجموعی طور پر 36 کھلاڑیوں کو ریڈ کارڈ دکھائے گئے تھے۔واقعے کے بعد اوبرلینڈیا نے سیمی فائنل کے دوسرے مرحلے کا میچ کھیلنے سے دستبرداری اختیار کرلی۔ کلب نے اپنے اس فیصلے کو فیئر پلے کا مظاہرہ قرار دیا، جس کے نتیجے میں مامورے کی ٹیم کو فائنل میں جگہ مل گئی۔