چائلڈ پروٹیکشن بیورو پنجاب اور دسترس فاؤنڈیشن کے مابین مفاہمتی یادداشت پر دستخط

چائلڈ پروٹیکشن بیورو پنجاب اور دسترس فاؤنڈیشن کے مابین مفاہمتی یادداشت پر دستخط

لاہور: بچوں کے تحفظ، فلاح و بہبود اور محفوظ ماحول کی فراہمی کے لیے چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو پنجاب اور دسترس فاؤنڈیشن کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہوگئے۔

مفاہمتی یادداشت پر چیئرپرسن چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو پنجاب و رکن صوبائی اسمبلی سارہ احمد اور چیئرپرسن دسترس فاؤنڈیشن شائزا شاہد نے دستخط کیے۔اس موقع پر سارہ احمد نے کہا کہ حکومت پنجاب کی ترجیحات میں ہر بچے کو تحفظ، عزت، تعلیم اور بہتر مستقبل کے مساوی مواقع فراہم کرنا شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ بچوں کے تحفظ کے لیے مؤثر حفاظتی اقدامات، عوامی آگاہی اور مختلف اداروں کے درمیان باہمی تعاون انتہائی اہم ہیں۔معاہدے کے تحت بچوں کے تحفظ سے متعلق آگاہی، کمیونٹی آؤٹ ریچ، مدارس اور کمیونٹی تعلیمی اداروں سے روابط اور اساتذہ کی استعدادِ کار بڑھانے کے لیے مشترکہ اقدامات کیے جائیں گے۔اس سلسلے میں بچوں کے لیے سہ ماہی بنیادوں پر چائلڈ پروٹیکشن اور چائلڈ رائٹس آگاہی سیشنز منعقد کیے جائیں گے، جن میں بچوں کے حقوق، ذاتی حفاظت، گڈ ٹچ اور بیڈ ٹچ، مثبت رویوں، آن لائن تحفظ اور تشدد و استحصال سے بچاؤ جیسے موضوعات شامل ہوں گے۔مفاہمتی یادداشت کے مطابق دسترس فاؤنڈیشن متعلقہ مدارس اور کمیونٹی تعلیمی اداروں میں چائلڈ پروٹیکشن بیورو کی آگاہی سرگرمیوں کے انعقاد میں معاونت کرے گی۔ والدین، اساتذہ، نگہداشت کنندگان، مذہبی اور کمیونٹی رہنماؤں کے لیے بھی مشترکہ آگاہی پروگرام منعقد کیے جائیں گے۔

معاہدے کے تحت اساتذہ کے لیے سہ ماہی تربیتی سیشنز بھی منعقد ہوں گے، جن میں کلاس روم مینجمنٹ، مثبت نظم و ضبط، بچوں دوست تدریسی طریقوں، بچوں سے مؤثر رابطے اور تحفظ سے متعلق خدشات کی بروقت نشاندہی پر توجہ دی جائے گی۔سارہ احمد نے کہا کہ بچوں کے تحفظ کے لیے صرف ناخوشگوار واقعات کے بعد ردعمل دینا کافی نہیں بلکہ ان کی روک تھام کے لیے پیشگی اقدامات بھی ضروری ہیں۔ ان کے مطابق بچوں کے ساتھ براہِ راست کام کرنے والے اساتذہ اور دیگر متعلقہ افراد کی تربیت مؤثر چائلڈ پروٹیکشن نظام کی بنیاد ہے۔انہوں نے کہا کہ بچوں کے تحفظ کا پیغام والدین، اساتذہ، مذہبی اور کمیونٹی رہنماؤں سمیت معاشرے کے ہر طبقے تک پہنچانا ضروری ہے۔ تعلیمی اداروں اور مدارس میں آگاہی سرگرمیوں کے ذریعے بچوں کو ان کے حقوق اور ذاتی تحفظ سے متعلق ضروری معلومات فراہم کی جائیں گی۔چیئرپرسن چائلڈ پروٹیکشن بیورو نے واضح کیا کہ تمام مشترکہ سرگرمیوں میں بچوں کی حفاظت، عزتِ نفس، رازداری اور بہترین مفاد کو اولین ترجیح دی جائے گی، جبکہ بچوں کی ذاتی معلومات، تصاویر اور ویڈیوز کے استعمال میں متعلقہ قانونی تقاضوں، اجازت اور رضامندی کو یقینی بنایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو اور دسترس فاؤنڈیشن کے درمیان اشتراک بچوں کی فلاح و بہبود اور تحفظ کے لیے کمیونٹی کی شمولیت کو فروغ دینے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔