چائلڈ پروٹیکشن بیورو لاہور میں گمشدہ بچوں کے والدین کی تلاش تیز

چائلڈ پروٹیکشن بیورو لاہور میں گمشدہ بچوں کے والدین کی تلاش تیز

چائلڈ پروٹیکشن بیورو لاہور نے گمشدہ بچوں کے والدین اور رشتہ داروں کی تلاش مزید تیز کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

 چیئرپرسن سارہ احمد کی ہدایت پر پنجاب کے مختلف ذیلی سنٹرز، پولیس، ایدھی فاؤنڈیشن، اور میڈیا کے ساتھ مل کر ان بچوں کے لواحقین کی تلاش کی جارہی ہے۔بیورو میں اس وقت 121 بچے مقیم ہیں، جن میں 65 لڑکیاں اور 56 لڑکے شامل ہیں۔ ان بچوں کی عمر 3 سال سے 16 سال کے درمیان ہے۔ سارہ احمد نے بتایا کہ بچوں کو ریسکیو کرتے وقت ان سے معلومات جمع کی جاتی ہیں، لیکن اکثر بچے جو فون نمبرز یا پتہ دیتے ہیں وہ غلط ہوتے ہیں جس کی وجہ سے والدین یا رشتہ داروں کا پتا نہیں چل پاتا۔اس وجہ سے بچوں کی تصاویر اور دیگر معلومات متعلقہ علاقوں میں چسپاں کی جا رہی ہیں تاکہ ان کے والدین یا رشتہ داروں تک پہنچا جا سکے۔

 ان تصاویر اور معلومات کی مدد سے تاحال ان بچوں کے لواحقین سے رابطہ نہیں ہو سکا، لیکن بیورو کی جانب سے تلاش کا عمل جاری ہے۔چائلڈ پروٹیکشن بیورو نے اس اقدام کو مزید بڑھا کر ان بچوں کی فوری بازیابی اور ان کے والدین سے ملانے کی کوششیں تیز کر دی ہیں۔ اس کے علاوہ، والدین اور رشتہ داروں سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ فوری طور پر بیورو یا متعلقہ اداروں سے رابطہ کریں تاکہ ان کے بچوں کو واپس کیا جا سکے۔