مصر اور ترکیہ نے دفاعی صنعت کے مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لیے مفاہمت کی ایک یادداشت پر دستخط کیے ہیں۔
یہ معاہدہ 2 ستمبر 2026 کو بوسنیا و ہرزیگوینا کے دارالحکومت سرائیوو میں جاری ڈیفنس انڈسٹری ایکسپو اینڈ سمٹ 2026 کے موقع پر طے پایا۔مصر کی جانب سے وزارتِ جنگی پیداوار سے وابستہ دو اداروں، جبکہ ترکیہ کی جانب سے مکینیکل اینڈ کیمیکل انڈسٹری کارپوریشن نے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے۔یادداشت کا بنیادی مقصد دونوں ممالک کی دفاعی کمپنیوں کے درمیان صنعتی شراکت داری، تکنیکی تجربات کے تبادلے اور جدید ٹیکنالوجی میں تعاون کے امکانات کو فروغ دینا ہے۔مصری وزارت کے مطابق دونوں ممالک اپنی دستیاب پیداواری صلاحیتوں اور تکنیکی مہارتوں سے فائدہ اٹھاتے ہوئے دفاعی صنعت میں مشترکہ تعاون کے نئے مواقع تلاش کریں گے۔یہ پیش رفت مصر اور ترکیہ کے درمیان بڑھتے ہوئے دفاعی اور عسکری تعلقات کی عکاسی کرتی ہے، جبکہ دونوں ممالک دفاعی پیداوار کے شعبے میں اپنے تجربات اور صنعتی صلاحیتوں کو مزید قریب لانے کی کوشش کر رہے ہیں۔