پاکستان اور ترکیہ کے درمیان عدالتی تعاون کے فروغ کیلیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط

پاکستان اور ترکیہ کے درمیان عدالتی تعاون کے فروغ کیلیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط

اسلام آباد: پاکستان اور ترکیہ نے عدالتی شعبے میں باہمی تعاون کو فروغ دینے اور دونوں ممالک کی اعلیٰ عدالتوں کے درمیان ادارہ جاتی روابط مضبوط بنانے کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کردیے۔

وفاقی دارالحکومت میں منعقدہ تقریب میں چیف جسٹس پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی اور ترکیہ کی کورٹ آف کیسیشن کے صدر عمر کرکیز نے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے۔ اس موقع پر دونوں ممالک کے قومی ترانے بھی بجائے گئے، جبکہ اعلیٰ عدالتی حکام اور دیگر مہمانوں نے تقریب میں شرکت کی۔

عدالتی نظام کو جدید بنانے پر اتفاق

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف جسٹس پاکستان یحییٰ آفریدی نے مہمانوں کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے تعلقات وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہوئے ہیں۔ دونوں ممالک قانون کی حکمرانی پر یقین رکھتے ہیں اور عدالتی تعاون کا یہ معاہدہ دونوں ملکوں کے نظام انصاف کو جدید خطوط پر استوار کرنے میں معاون ثابت ہوگا۔انہوں نے کہا کہ یہ مفاہمتی یادداشت ضلعی عدلیہ کی تربیت اور عدالتی شعبے میں تجربات کے تبادلے کے حوالے سے اہم پیش رفت ہے۔ پاک ترک عدالتی تعاون سے دونوں برادر ممالک کے ادارہ جاتی روابط مزید مستحکم ہوں گے اور تعاون کو نئی بلندیوں تک پہنچانے کے مواقع پیدا ہوں گے۔

مصنوعی ذہانت اور ای کورٹس کے فروغ پر زور

چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے کہا کہ پاکستان نے اپنے عدالتی نظام میں اصلاحات متعارف کرائی ہیں، جبکہ ترکیہ مصنوعی ذہانت کے استعمال کے حوالے سے ایک رول ماڈل کی حیثیت رکھتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ اس معاہدے کے ذریعے عدالتی نظام میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کو فروغ دینے میں مدد ملے گی۔ ای کورٹس کے نظام سے انصاف تک رسائی بہتر ہوگی، جبکہ دونوں ممالک کے درمیان عدالتی تجربات اور مہارتوں کے تبادلے سے نظام انصاف کو مزید مؤثر اور جدید بنایا جاسکے گا۔

ترکیہ کی جانب سے عدالتی تعاون کے عزم کا اظہار

ترکیہ کی کورٹ آف کیسیشن کے صدر عمر کرکیز نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات قائم ہیں، جو باہمی اعتماد، احترام اور مشترکہ اقدار پر استوار ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان آمد پر انہیں خوشی ہے اور دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے خواہاں ہیں۔ عدالتی شعبے میں تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں اور دونوں ملک ایک دوسرے کے تجربات سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔عمر کرکیز کا کہنا تھا کہ قانون کی حکمرانی اور عوام کو انصاف کی فراہمی کے لیے مشترکہ کوششیں ضروری ہیں۔ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے عدالتی نظام کو زیادہ مؤثر، شفاف اور قابل رسائی بنایا جاسکتا ہے۔