لاہور میں نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ زرداری اور شریف خاندان کی سیاست کا دور ختم ہونے کی طرف بڑھ رہا ہے، جبکہ جماعت اسلامی عوام کے لیے ایک سیاسی متبادل کے طور پر سامنے آئی ہے۔
اپنے بیان میں لیاقت بلوچ نے وزیراعظم شہباز شریف سے مطالبہ کیا کہ وطن واپسی پر وقت ضائع کیے بغیر امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن سے پیٹرولیم لیوی سمیت عوامی مسائل پر مذاکرات کریں۔ جماعت اسلامی گزشتہ دنوں پیٹرولیم لیوی کے خاتمے کے مطالبے پر حکومت کے ساتھ مذاکرات بھی کرتی رہی ہے۔انہوں نے حکومت سے پیٹرول پر عائد پیٹرولیم لیوی ختم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اس اقدام سے عوام کو ریلیف مل سکتا ہے۔لیاقت بلوچ نے خبردار کیا کہ اگر حکومت کی جانب سے ٹال مٹول کا سلسلہ جاری رہا تو جماعت اسلامی دوبارہ مارچ کا راستہ اختیار کرسکتی ہے اور حکومت کے خلاف ملک گیر تحریک بھی شروع کی جاسکتی ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ ملک کو اس وقت شدید بحران کا سامنا ہے اور ان کے مطابق اس کی بنیادی وجہ نظام کی ناکامی ہے۔