امیر جماعتِ اسلامی کراچی، منعم ظفر نے ملیر ہالٹ پر پیش آنے والے افسوس ناک ٹریفک حادثے کے بعد شدید ردِ عمل کا اظہار کیا۔
انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ آج شام 4 بجے اسی مقام پر احتجاج کریں گے جہاں کل حادثہ پیش آیا تھا۔منعم ظفر نے کہا کہ یہ حادثہ انتہائی دلخراش ہے، اور وزیرِ اعلیٰ سمیت تمام وزراء کا رویہ بہت غیر ذمہ دارانہ ہے کیونکہ کسی نے بھی لواحقین سے ہمدردی کا اظہار تک نہیں کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ جماعتِ اسلامی کبھی بھی کراچی کے عوام کو تنہا نہیں چھوڑے گی، اور اسی لئے آج وہ خود احتجاج میں شریک ہوں گے۔یاد رہے کہ گزشتہ روز ملیر ہالٹ کے قریب تیز رفتار واٹر ٹینکر نے موٹر سائیکل کو ٹکر مار کر ایک ہی خاندان کے تین افراد کو ہلاک کر دیا تھا، جن میں شوہر عبدالقیوم اور ان کی حاملہ بیوی شامل تھے۔ عبدالقیوم اپنی اہلیہ کو چیک اپ کے لیے اسپتال لے جا رہے تھے۔
حادثے کے بعد مشتعل افراد نے واٹر ٹینکر کے شیشے توڑ کر اسے آگ لگانے کی کوشش کی تھی، تاہم پولیس نے فوری طور پر کارروائی کرتے ہوئے ٹینکر کے ڈرائیور اور ہیلپر کو گرفتار کر لیا اور ٹینکر کو قبضے میں لے لیا۔سٹی ٹریفک پولیس کے مطابق، رواں سال ٹریفک حادثات میں جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 214 تک پہنچ چکی ہے، اور ہیوی ٹریفک کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 68 ہے۔ منعم ظفر نے ان حادثات کے خاتمے کے لیے حکومت سے فوری طور پر اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔