نائب امیر جماعت اسلامی اور مذاکراتی کمیٹی کے سربراہ لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ حکومت اور جماعت اسلامی کے درمیان مذاکرات کا آخری دور 19 نومبر کو وزارت خارجہ کے وائٹ روم کانفرنس ہال میں ہوگا، جس میں ممکنہ معاہدے کو حتمی شکل دیے جانے کی توقع ہے۔
لیاقت بلوچ کے مطابق حکومت اور جماعت اسلامی کے درمیان مذاکرات کے بعد ممکنہ معاہدے کا مسودہ اب حکومتی سطح پر زیر غور ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ وزیراعظم اور نائب وزیراعظم عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے جماعت اسلامی کی کوششوں کو اہمیت دیں گے اور مذاکرات کے ذریعے عوامی مسائل کے حل کی جانب پیش رفت ہوگی۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی غریب اور متوسط طبقے کو درپیش معاشی مشکلات سے بخوبی آگاہ ہے اور عوام کو ریلیف دلانے کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔
لیاقت بلوچ کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی اپنے مطالبات کے حصول کے لیے احتجاج اور مذاکرات دونوں راستے اختیار کرتی رہے گی۔ ان کے مطابق عوام کو مہنگائی اور دیگر معاشی مشکلات سے نجات دلانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔انہوں نے اس توقع کا اظہار کیا کہ حکومت مذاکرات کے آخری دور میں عوامی مسائل کے حل کے لیے مثبت پیش رفت کرے گی اور ممکنہ معاہدے پر اتفاق رائے پیدا کرنے کی کوشش کی جائے گی۔