جماعت اسلامی اور حکومت کے درمیان عوام کو ریلیف دینے اور پیٹرولیم لیوی کے معاملے پر مذاکرات کا آخری دور ہونے جا رہا ہے، جس میں حکومتی وفد کی نمائندگی نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار جبکہ جماعت اسلامی کی جانب سے لیاقت بلوچ قیادت کریں گے۔
مذاکرات میں پیٹرولیم لیوی اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے سے متعلق معاہدے کو حتمی شکل دینے پر بات چیت کی جائے گی۔ فریقین کے درمیان اس معاملے پر پیش رفت کو اہم قرار دیا جا رہا ہے، جبکہ جماعت اسلامی نے پیٹرولیم لیوی کے خاتمے کا مطالبہ برقرار رکھا ہے۔سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی لیاقت بلوچ کا کہنا ہے کہ جماعت اسلامی کی عوامی ریلیف کے لیے جدوجہد جاری رہے گی۔ ان کے مطابق لاہور، کوئٹہ، پشاور اور کراچی میں جماعت اسلامی کے جلسہ عام بھی شیڈول ہیں، جن کے ذریعے عوامی مسائل اور ریلیف کے مطالبات اجاگر کیے جائیں گے۔لیاقت بلوچ کا کہنا تھا کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی کے اثرات سامنے آ رہے ہیں، تاہم عوام کو مزید ریلیف دینے کے لیے پیٹرولیم لیوی کا خاتمہ ضروری ہے۔ جماعت اسلامی کا مؤقف ہے کہ لیوی ختم ہونے سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید کمی اور عوام کو ریلیف مل سکتا ہے۔
واضح رہے کہ جماعت اسلامی پیٹرولیم لیوی کے خلاف مختلف مقامات پر احتجاجی دھرنے دے چکی ہے، جن میں گورنر ہاؤس پشاور کے سامنے 16 روزہ دھرنا بھی شامل تھا، جو ستمبر 2026 میں ختم کیا گیا۔ سماء ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق جماعت اسلامی نے اس دوران حکومتی وفد کی جانب سے احتجاج ملتوی کرنے کی درخواست بھی مسترد کردی تھی۔