پٹرولیم لیوی پر حکومت اور جماعتِ اسلامی کی کمیٹیوں میں آج مذاکرات ہوں گے

پٹرولیم لیوی پر حکومت اور جماعتِ اسلامی کی کمیٹیوں میں آج مذاکرات ہوں گے

اسلام آباد: پٹرولیم مصنوعات پر لیوی کے خاتمے اور عوام کو مہنگائی سے ریلیف دینے کے معاملے پر حکومت اور جماعت اسلامی کی کمیٹیوں کا اہم اجلاس آج ہوگا، جس میں دونوں فریقین کے درمیان حتمی معاہدے کا مسودہ تیار کیے جانے کا امکان ہے۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں پٹرولیم لیوی کے مرحلہ وار خاتمے، چھوٹی گاڑیوں کے مالکان اور زرعی شعبے کو ریلیف فراہم کرنے سمیت مختلف اہم امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ مذاکرات کا مقصد عوام کو پٹرولیم مصنوعات کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے اثرات سے ریلیف فراہم کرنے کے لیے قابل عمل لائحہ عمل طے کرنا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ جماعت اسلامی کی جانب سے مذاکراتی کمیٹی میں نصراللہ رندھاوا اور سید فراست شاہ شامل ہوں گے، جبکہ حکومت کی نمائندگی وفاقی وزیر احسن اقبال اور وزیراعظم کے مشیر رانا ثنا اللہ کریں گے۔اجلاس کے دوران دونوں فریقین کے درمیان مختلف تجاویز پر اتفاق رائے پیدا کرنے کی کوشش کی جائے گی تاکہ حتمی معاہدے کا مسودہ تیار کیا جاسکے۔ ذرائع کے مطابق تیار ہونے والے مسودے کی منظوری حکومت اور جماعت اسلامی کی قیادت دے گی۔

ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ حکومت پٹرولیم لیوی کے مرحلہ وار خاتمے پر رضامند ہوگئی ہے۔ اس حوالے سے مختلف تجاویز زیر غور ہیں، جن کے تحت عوام کو بتدریج ریلیف فراہم کیا جائے گا۔حکومت کی جانب سے 800 سی سی اور 1000 سی سی گاڑیوں کے مالکان کو بھی ریلیف دینے پر آمادگی ظاہر کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ زرعی شعبے کو ریلیف فراہم کرنے کی تجویز پر بھی اتفاق کیا گیا ہے، جس سے کسانوں کو درپیش مالی مشکلات کم کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔مذاکرات میں ان تجاویز کی حتمی شکل، ریلیف کے طریقہ کار اور اس پر عمل درآمد کے مراحل کا تعین بھی متوقع ہے۔