بھارت کے 60 سالہ اداکار اور سپر ماڈل ملند سومن نے غیر معمولی جسمانی فٹنس کا مظاہرہ کرتے ہوئے صرف 6 دن کے وقفے میں دو مکمل آئرن مین ٹرائیتھلون ریسز کامیابی سے مکمل کرلیں۔
ملند سومن نے 13 ستمبر کو ویلز جبکہ 19 ستمبر کو اٹلی میں آئرن مین ریس مکمل کی۔ دونوں ریسز میں انہوں نے مجموعی طور پر 7.6 کلومیٹر تیراکی، 360 کلومیٹر سائیکلنگ اور 84.4 کلومیٹر دوڑ میں حصہ لیا۔اتنی سخت جسمانی سرگرمی کے باوجود ملند سومن نے اپنی غذا میں کسی خاص پروٹین شیک یا پیچیدہ ڈائٹ کے بجائے سادہ اور قدرتی غذاؤں کو ترجیح دی۔ انہوں نے سوشل میڈیا پر چاول، تربوز اور ایووکاڈو سمیت مختلف غذاؤں کی تصاویر بھی شیئر کیں۔ملند سومن کے مطابق انہوں نے زندگی میں کبھی کیلوریز گننے کی عادت نہیں اپنائی اور نہ ہی کسی مخصوص جم ڈائٹ پر عمل کیا۔ وہ صبح کے وقت موسمی پھل وافر مقدار میں کھاتے ہیں، جن میں 5 سے 6 آم، کیلے اور پورا تربوز بھی شامل ہوسکتا ہے۔اداکار نے بتایا کہ انہیں کھچڑی، کاجو، دیسی گھی اور گڑ بے حد پسند ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ اب وہ زیادہ تر سبزیوں پر مشتمل غذاؤں کو ترجیح دیتے ہیں اور اپنی جسمانی ضرورت کے مطابق کھانا کھاتے ہیں۔