لاہور: مغلپورہ فلائی اوور پر پتنگ کی ڈور کی زد میں آکر موٹر سائیکل سوار نوجوان زخمی ہوگیا۔
تیز دھار ڈور گلے پر پھرنے سے نوجوان کے گلے پر معمولی زخم آیا۔پولیس ترجمان کے مطابق زخمی شہری کی شناخت محمد حارث کے نام سے ہوئی ہے، جو مغلپورہ فلائی اوور سے گزر رہا تھا کہ اچانک لٹکتی ہوئی پتنگ کی ڈور اس کے گلے پر پھر گئی۔ واقعے میں حارث کو معمولی نوعیت کے زخم آئے۔واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی آئی جی آپریشنز نے ذمہ داران کے خلاف سخت قانونی کارروائی کا حکم دے دیا ہے۔ایس پی سول لائنز منزہ کرامت کے مطابق حکومت پنجاب کی جانب سے پتنگ بازی سے متعلق جاری کردہ ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں، جبکہ پتنگ بازی اور پتنگ فروشی کے خلاف کریک ڈاؤن بھی مزید تیز کردیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق ماہ ستمبر کے دوران سول لائنز ڈویژن میں پتنگ بازی کے خلاف 40 مقدمات درج کرکے 85 سے زائد ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ شہریوں کے تحفظ کے لیے پتنگ بازی اور پتنگ کی ڈور کے استعمال کے خلاف کارروائیاں بلاامتیاز جاری رکھی جائیں گی۔