وزیراعظم سے سعودی وزیر سرمایہ کاری اور ٹاسک فورس کے سربراہ کی ملاقات، اقتصادی تعلقات پر تبادلہ خیال

وزیراعظم سے سعودی وزیر سرمایہ کاری اور ٹاسک فورس کے سربراہ کی ملاقات، اقتصادی تعلقات پر تبادلہ خیال

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے سعودی وزیر سرمایہ کاری عزت ماب خالد الفالح اور جوائنٹ ٹاسک فورس برائے اقتصادی مصروفیات کے سربراہ جناب محمد التویجری سے ملاقات کی۔

یہ ملاقات سعودی عرب کے سرکاری دورے کے دوران ہوئی، جس میں اقتصادی تعاون کو مزید مستحکم کرنے، پاکستان میں سعودی سرمایہ کاری کے امکانات بڑھانے اور مختلف اہم شعبوں میں مشترکہ اقدامات تیز کرنے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیراعظم نے اس موقع پر سعودی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے بہترین مواقع فراہم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا اور پاکستان کی اسٹریٹجک اہمیت، سرمایہ کاری دوست پالیسیوں اور ترقی کے امکانات کو اجاگر کیا۔ شہباز شریف نے سعودی عرب کے کاروباری اداروں کو زراعت، ٹیکنالوجی، انفراسٹرکچر سمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔

سعودی وزیر خالد الفالح اور ٹاسک فورس کے سربراہ محمد التویجری نے پاکستان کے ساتھ اقتصادی تعلقات کو مزید مضبوط کرنے میں سعودی عرب کی گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ دونوں رہنماؤں نے مشترکہ منصوبوں پر تیزی سے عمل درآمد کے لیے ادارہ جاتی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ سعودی عرب اور پاکستان کے اقتصادی تعلقات کو مزید مستحکم کیا جائے گا۔ملاقات میں وزیراعظم کے معاونین نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوا، وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی مصدق ملک اور نیشنل کوآرڈینیٹر لیفٹیننٹ جنرل سرفراز احمد بھی موجود تھے۔ سعودی وفد میں سعودی وزارت سرمایہ کاری اور سعودی عرب اور پاکستان کے مابین اقتصادی تعلقات کے لیے مشترکہ ٹاسک فورس کے نمائندے شامل تھے۔