طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے، شہری، سہولیات دی جارہیں، ترجمان
نارنگ منڈی(خصوصی رپورٹ)نارنگ شہر اور سینکڑوں دیہات کے واحدمریم نواز ہیلتھ کلینک میں ادویات کی قلت ،مریض پیناڈول بھی بازار سے خریدنے پر مجبور، ڈرپس بھی بازار سے خریدنی پڑتی ہیں، مریضوں نے شکایات کے انبار لگادئیے۔حکومت کا مفت علاج کامنصوبہ جواب دے گیا۔شہریوں کا گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا جب سب کچھ بازار سے ہی خریدناہے تو کیافائدہ ،نجی شعبے کے حوالے کرنے کے باوجود کوئی تبدیلی نہیں آئی، پہلے بھی ادویات بازارسے خریدنی پڑتی تھیں اور اب بھی بازارسے ہی خریدنی پڑتی ہیں۔ٹھیکیدار کو لاکھوں روپے کس چیز کے دئیے جارہے ہیں، دوپہر 12 بجے جائیں تو پیناڈول بازارسے خریدنی پڑتی ہے، سہ پہر یا رات 9 بجے جائیں تو ٹیکے ،ڈرپس اور ادویات بازارسے خریدنی پڑتی ہیں۔عوام کاکوئی پرسان حال نہیں ہے۔ محکمہ صحت کو چیک اینڈبیلنس اور کرپشن کی تحقیقات کرنی چاہئیں۔ مریضوں کو طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے فوری اقدامات کیے جائیں۔ ترجمان مریم نواز ہیلتھ کلینک نارنگ ڈاکٹر عثمان نے ادویات کی قلت کی تردید کرتے ہوئے کہا مریضوں کو ادویات سمیت دیگر سہولیات مہیا کی جا رہی ہیں۔