پنجاب: سرکاری ہسپتالوں میں گرینڈ ہیلتھ الائنس کی ہڑتال جاری،ہزاروں مریض علاج معالجے سے محروم

14روز سے اوپی ڈی بند ہونے کے باعث مریضوں اوران کے اہلخانہ کو شدیدمشکلات کاسامنا،پرچی کائونٹر کاعملہ بھی غائب رہنے لگا
 لاہور (آئی این پی )پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں میں نجکاری کے خلاف گرینڈ ہیلتھ الائنس کی او پی ڈی ہڑتال چودہویں روز میں داخل ہوگئی ۔ لاہور سمیت مختلف اضلاع میں ہزاروں مریض علاج معالجے سے محروم ہوگئے۔ذرائع کے مطابق ہسپتال انتظامیہ نے کچھ شعبہ جات میں سینئر ڈاکٹرز کی خدمات حاصل کی ہیں مگر بیشتر ڈیپارٹمنٹس تاحال غیر فعال ہیں۔ مریضوں اور ان کے اہلخانہ کو او پی ڈی کے بند ہونے کے باعث شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ہسپتالوں میں پرچی کائونٹرز پر بھی صورتحال غیر یقینی ہے کہیں عملہ غائب ہے اور کہیں محدود تعداد میں کام جاری ہے، جس کے باعث مریضوں کی قطاریں معمول سے کہیں زیادہ طویل ہو گئی ہیں۔ گرینڈ ہیلتھ الائنس نے واضح کیا ہے کہ وہ نجکاری کے کسی بھی منصوبے کو قبول نہیں کریں گے اور حکومت کی جانب سے مطالبات تسلیم نہ کیے جانے تک احتجاج جاری رہے گا۔دوسری جانب مریض اور ان کے اہل خانہ حکومت اور ڈاکٹرز دونوں سے اپیل کر رہے ہیں کہ انسانی جانوں کے تحفظ کے لیے جلد کوئی متفقہ حل نکالا جائے۔