پتنگ بازی اور دھاتی ڈور کیخلاف کریک ڈائون،1681گرفتار

مختلف کارروائیوں میں 35726پتنگیں اور1791چرخیاں برآمدکی گئیں 
لاہور(کرائم رپورٹر)لاہور پولیس کی جانب سے پتنگ بازی اور دھاتی ڈور کے خلاف کریک ڈاؤن کے نتیجے میں رواں سال کے دوران اب تک1681افرادکو گرفتارکر کے1647مقدمات کا اندرج کیا گیا ہے یہ بات ترجمان لاہور پولیس نے گزشتہ روز یہاں جاری اپنے بیان میں کہی۔ ترجمان نے بتایا کہ پتنگ بازی کے خلاف مختلف کارروائیوں میں 35726پتنگیں اور1791چرخیاں برآمدکی گئی ہیں۔سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ نے پولیس افسران کو اینٹی کائٹ فلائنگ ایکٹ پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایات کرتے ہوئے کہا کہ خلاف ورزی کی صورت میں ذمہ داران کے خلاف فوری کارروائی عمل میں لائی جائے۔بلال صدیق کمیانہ نے کہاکہ دھاتی ڈور و پتنگوں کی تیاری، خریدو فروخت اور استعمال کرنے والوں کے خلاف کارروائیوں میں مزید تیزی لائی جائے۔انہوں نے کہا کہ خونی دھاتی ڈورکے کاروبار میں ملوث عناصر کو قرارواقعی سزا دلوائی جائے۔سی سی پی او لاہور نے کہا کہ پتنگوں اور ڈور کی آن لائن خرید وفروخت پر کڑی نظر رکھی جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ والدین اور اساتذہ اس خونی کھیل کے خاتمے میں اپنا کردار ادا کریں۔