فرانس کی طرف سے قطر اور متحدہ عرب امارات کو جدید رافیل لڑاکا طیاروں کی فروخت نے بھارت کو پریشان کر دیا ہے۔
بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ اس فروخت سے بھارتی فضائیہ کے لیے نئے اسٹریٹیجک خدشات پیدا ہو گئے ہیں کیونکہ ان دونوں ممالک نے پاکستانی اور ترک پائلٹس کو رافیل اور میراج طیاروں کی تربیت کی اجازت دی ہے۔ اس سے بھارتی خفیہ ٹیکنالوجی کے افشا ہونے کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔رپورٹس کے مطابق، یورپی دفاعی تجزیہ کار بابک تغوائی کا کہنا ہے کہ فرانس کی نرمی برتنے والی برآمدی پالیسی دراصل یہ ٹیکنالوجیز ان ممالک تک پہنچا رہی ہے جو نیٹو یا بھارت کے حریف سمجھے جاتے ہیں۔ یہ اقدام بھارت کے لیے ایک نئے اسٹریٹیجک چیلنج کے طور پر سامنے آ رہا ہے، کیونکہ اس سے علاقائی اور دفاعی توازن پر اثر پڑ سکتا ہے۔