27اکتوبر بھارت کے قبضے اور کشمیری عوام کے بنیادی حقوق کی سنگین خلاف ورزی کی یاد دلاتا ہے
اسلام آباد (یواین پی)وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے 27اکتوبر کا دن بھارت کے غیر قانونی قبضے اور کشمیری عوام کے بنیادی حقوق کی سنگین خلاف ورزی کی یاد دلاتا ہے۔’’یومِ سیاہ کشمیر’’ کے موقع پر اپنے پیغام میں پروفیسر احسن اقبال نے کہا کہ 27 اکتوبر 1947 تاریخ کا وہ سیاہ دن ہے جب بھارت نے کشمیریوں کی خواہشات اور اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے برعکس وادی کشمیر پر جبری تسلط قائم کیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کشمیری عوام کی آواز دبانے میں ناکام ہو چکا ہے اور کشمیر کی آزادی کی جدوجہد ایک دن ضرور کامیاب ہو گی۔وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ کشمیری عوام کے حقِ خود ارادیت کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔