پاکستان فلسطینی بھائیوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا آصف زرداری

بین الاقوامی یومِ یکجہتی فلسطین کے موقع پر  بہادر فلسطینی عوام کو دل کی گہرائیوں سے سلام پیش کرتا ہوں، جنہوں نے بے مثال ہمت، ثابت قدمی اور غیر متزلزل حوصلے کے ساتھ تاریخ میں ایک نیا باب رقم کیا ہے
پاکستان فلسطین کے ساتھ  دیرینہ اور قریبی برادرانہ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے‘پاکستانی قوم نے ہمیشہ اپنے فلسطینی بہن بھائیوں کا ساتھ دیا ہے، فلسطین کی حمایت پاکستان کی پہچان کا حصہ رہی ہے:صدر مملکت
  اسلام آباد (یواین پی)صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے  پاکستان اپنے فلسطینی بھائیوں اور بہنوں کی ہر طرح کی سیاسی، سفارتی، انسانی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا،اپنے مؤقف کا اعادہ کرتے ہیں  فلسطین جون 1967ء سے پہلے والی سرحدوں کے مطابق ایک آزاد، خودمختار اور مضبوط ریاست کے طور پر قائم ہو اور اس کا دارالحکومت القدس الشریف ہو۔صدر مملکت آصف علی زرداری نے بین الاقوامی یومِ یکجہتی فلسطین پر اپنے پیغام میں کہا بین الاقوامی یومِ یکجہتی فلسطین کے موقع پر میں بہادر فلسطینی عوام کو دل کی گہرائیوں سے سلام پیش کرتا ہوں، جنہوں نے بے مثال ہمت، ثابت قدمی اور غیر متزلزل حوصلے کے ساتھ تاریخ میں ایک نیا باب رقم کیا ہے، پاکستان فلسطین کے ساتھ اپنے دیرینہ اور قریبی برادرانہ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔انہوںنے کہاکہ پاکستان ہمیشہ سے فلسطینی عوام کے ساتھ ثابت قدمی سے کھڑا رہا ہے، فلسطینیوں کے لئے ہماری حمایت انسانیت، انصاف اور برابری کی بنیادی اقدار پر قائم ہے،پاکستان اور فلسطین کے عوام کے درمیان محبت، احترام اور بھائی چارے کا رشتہ ہے۔ انہوںنے کہاکہ مشکل ترین حالات میں بھی پاکستانی قوم نے ہمیشہ اپنے فلسطینی بہن بھائیوں کا ساتھ دیا ہے، فلسطین کی حمایت پاکستان کی پہچان کا حصہ رہی ہے۔ یہاں تک کہ پاکستان بننے سے سات سال پہلے، 1940ء کی قراردادِ لاہور میں بھی فلسطین کے حقِ خودارادی کی واضح حمایت شامل تھی۔انہوںنے کہاکہ پاکستان نے ہمیشہ غزہ میں اسرائیلی قابض فوج کے مظالم کی شدید مذمت کی ہے اور ہر عالمی فورم پر فلسطینیوں کے لیے آواز اٹھائی ہے، ہم مسلسل فوری اور مستقل جنگ بندی، انسانی امداد کی بلا رکاوٹ فراہمی، شہریوں کے تحفظ اور اسرائیلی جنگی جرائم پر مکمل احتساب کا مطالبہ کرتے رہے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ اقوامِ متحدہ، او آئی سی، آئی سی جے اور دیگر عالمی فورمز پر بھی پاکستان فلسطینی عوام کے بنیادی اور ناقابلِ تنسیخ حقوق کے لیے مسلسل سرگرم رہا ہے، غزہ امن معاہدے میں بھی پاکستان نے مثبت اور تعمیری کردار ادا کیا، اس امید کے ساتھ کہ اسرائیلی ظلم و جارحیت سے فلسطینی عوام پر ڈھائے گئے ناقابل تصور دکھوں کا خاتمہ ہو سکے گا۔انہوںنے کہاکہ پاکستان اپنے فلسطینی بھائیوں اور بہنوں کی ہر طرح کی سیاسی، سفارتی، انسانی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔